مشرق وسطیٰ

سعودی پوسٹ نے یادگاری ٹکٹ اور پوسٹ کارڈ جاری کر دیا

سعودی عرب میں ڈاک کے سرکاری ادارہ "سعودی پوسٹ" (SPL) نے موجودہ حج سیزن 1446ھ کے موقع پر ایک یاد گاری پوسٹ ٹکٹ اور ایک پوسٹ کارڈ جاری کیا ہے۔

ریاض: سعودی عرب میں ڈاک کے سرکاری ادارہ "سعودی پوسٹ” (SPL) نے موجودہ حج سیزن 1446ھ کے موقع پر ایک یاد گاری پوسٹ ٹکٹ اور ایک پوسٹ کارڈ جاری کیا ہے۔

ٹکٹ کی قیمت 3 ریال جب کہ کارڈ کی قیمت 5 ریال ہے۔ یہ اقدام اس یقین کے تحت کیا گیا ہے کہ ڈاک ٹکٹیں مختلف مواقع کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں، جن میں حج سیزن بھی شامل ہے۔

اس یادگاری ٹکٹ اور پوسٹ کارڈ کے اجرا کا مقصد، اللہ کے مہمانان کی خدمت کے لیے سعودی عرب کی مربوط کوششوں کو اجاگر کرنا ہے، اور ان ترقیاتی امور اور خدمات کو نمایاں کرنا ہے جو ہر سال حج کے دوران دیکھنے میں آتی ہیں۔یاد رہے کہ سعودی پوسٹ اب تک حج سے متعلق تقریباً 49 خصوصی ڈاک ٹکٹیں جاری کر چکا ہے۔

ان کے موضوعات میں حج کے ارکان، واجبات، میقات اور مسجد حرام و مقدس مقامات میں ہونے والے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ یہ ٹکٹیں ان قومی، مذہبی، ثقافتی، فنی، کھیلوں اور دیگر اہم مواقع کی مناسبت سے جاری کیے جاتے ہیں، جن میں بین الاقوامی تقریبات بھی شامل ہیں۔

ہر ڈاک ٹکٹ کسی اہم واقعے یا تاریخی منظر کی نمائندگی کرتا ہے، جو دنیا بھر میں ڈاک ٹکٹ جمع کرنے والوں کے لیے ایک یادگار اور قیمتی انتخاب بن جاتا ہے۔