قومی

احمد آباد طیارہ حادثہ میں ایک شخص کے زندہ بچ جانے کا دعویٰ

جمعرات کی دوپہر احمد آباد کے قریب پیش آئے افسوسناک ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں جہاں دو سو سے زائد افراد کے جاں بحق ہوگئے، وہیں ایک چونکا دینے والا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔

احمد آباد — جمعرات کی دوپہر احمد آباد کے قریب پیش آئے افسوسناک ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں جہاں دو سو سے زائد افراد کے جاں بحق ہوگئے، وہیں ایک چونکا دینے والا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔

برطانیہ کے شہری 40 سالہ وشواش کمار رمیش اس حادثے میں معجزاتی طور پر بچ نکلے۔ وشواش، جو پرواز میں سیٹ نمبر 11A پر بیٹھے تھے، حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ سے پیدل نکلتے ہوئے دیکھے گئے۔ ان کے ہاتھ میں بورڈنگ پاس تھا اور جسم پر کوئی بڑا زخم واضح طور پر نظر نہیں آ رہا تھا۔ ان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے اور لوگ اسے "معجزہ” قرار دے رہے ہیں۔

وشواش اپنے 45 سالہ بھائی اجے کمار رمیش کے ساتھ چند روزہ دورے پر بھارت آئے تھے، اور دونوں ایک ہی پرواز میں سوار تھے۔ تاہم اجے کی موجودہ حالت کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، جس کے باعث ان کے اہل خانہ سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔

یہ افسوسناک حادثہ طیارے کے ٹیک آف کے فوراً بعد پیش آیا، جس نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو بلکہ پورے ملک کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔

ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر اب بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ شدید جھلسے ہوئے کئی مسافروں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے اور ڈی جی سی اے (DGCA) نے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ادھر وشواش کمار رمیش کا بیان سامنے آنے کا سب کو انتظار ہے، کیونکہ وہ حادثے کے عینی شاہد بھی ہیں اور ان کی کہانی سے اس المناک واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آ سکتی ہیں۔

مزید اطلاعات کا انتظار ہے۔