دہلی

یکم ستمبر سے بدلیں گے کئی اہم قواعد، جیب پر پڑے گا براہِ راست اثر

نئے مہینہ کی شروعات کے ساتھ ہی ملک میں روزمرہ کی زندگی اور مالی معاملات سے جڑے کئی اہم قواعد بدلنے والے ہیں۔ یکم ستمبر 2025 سے ہونے والے یہ تبدیلیاں عام شہریوں کی جیب پر براہِ راست اثر ڈالیں گی۔

نئی دہلی: نئے مہینہ کی شروعات کے ساتھ ہی ملک میں روزمرہ کی زندگی اور مالی معاملات سے جڑے کئی اہم قواعد بدلنے والے ہیں۔ یکم ستمبر 2025 سے ہونے والے یہ تبدیلیاں عام شہریوں کی جیب پر براہِ راست اثر ڈالیں گی۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے ان فیصلوں اور اپڈیٹس کے بارے میں جاننا ضروری ہے تاکہ آپ کو کسی مالی نقصان یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  1. جی ایس ٹی میں بڑی تبدیلی کا امکان

وزیرِاعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ جی ایس ٹی میں جلد نئے ریفارمز کئے جائیں گے۔ حکومت صرف دو سلیب – 5 فیصد اور 12 فیصد – رکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس حوالے سے جی ایس ٹی کونسل کی اہم میٹنگ 3 اور 4 ستمبر کو منعقد ہوگی، جس میں بڑا فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔

  1. یونیفائیڈ پنشن اسکیم (UPS) کی ڈیڈ لائن

مرکزی حکومت کے ملازمین، جو نیشنل پنشن اسکیم کے تحت آتے ہیں، انہیں یونیفائیڈ پنشن اسکیم کے انتخاب کے لیے 30 ستمبر 2025 تک کا وقت دیا گیا ہے۔ پہلے یہ آخری تاریخ 30 جون مقرر تھی، جسے بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ نئی پنشن اسکیم ملازمین کے لیے ایک بڑا فیصلہ ثابت ہو سکتی ہے۔

  1. بھارتیہ ڈاک خدمات میں تبدیلی

یکم ستمبر سے ملک بھر میں بھیجی جانے والی تمام ڈاک اب اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے ہی مکمل کی جائے گی۔ بھارتیہ ڈاک سروس کو اسپیڈ پوسٹ میں ضم کیا جا رہا ہے، جس سے ڈاک کی ترسیل کا عمل مزید تیز اور مربوط ہوگا۔

  1. چاندی کی خریداری پر نیا اصول

یکم ستمبر سے چاندی پر ہال مارکنگ کا اصول لاگو کیا جا رہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب خریدار آسانی سے چاندی کی معیار کی پہچان کر سکیں گے۔ یہ قدم زیورات کے کاروبار میں شفافیت لائے گا اور قیمتوں پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔

  1. انکم ٹیکس ریٹرن (ITR) کی آخری تاریخ

ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ 15 ستمبر 2025 انکم ٹیکس ریٹرن بھرنے کی آخری تاریخ مقرر ہے۔ اگر اس وقت تک ریٹرن فائل نہ کیا گیا تو جرمانہ دینا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ ٹیکس پہلے ہی اس ڈیڈ لائن کو 31 جولائی سے بڑھا چکا ہے۔

  1. ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ردوبدل

گزشتہ کچھ ماہ سے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ پچھلے مہینے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 33.50 روپے کم کی گئی تھی۔ اب امکان ہے کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھی کمی کی جا سکتی ہے، جس سے صارفین کو راحت ملے گی۔

  1. ایس بی آئی کریڈٹ کارڈ کے قواعد میں تبدیلی

اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے اپنے کریڈٹ کارڈ صارفین کو نیا جھٹکا دیا ہے۔ لائف اسٹائل ہوم سینٹر ایس بی آئی کارڈ پر اب ریوارڈ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، کارڈ سے ادائیگی کرنے پر اضافی چارجز بھی بڑھانے کی تیاری ہو رہی ہے۔