شاہ علی بنڈہ، الیکٹرانکس شو روم میں خوفناک آگ؛ ایک ہلاک، سات زخمی، کیا آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تھی؟ سنسنی خیز خلاصہ
حیدرآباد کے پرانے شہر شاہ علی بنڈہ میں پیر کی رات گومتی الیکٹرانکس شو روم میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ 24 نومبر کی رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔
حیدرآباد کے پرانے شہر شاہ علی بنڈہ میں پیر کی رات گومتی الیکٹرانکس شو روم میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ 24 نومبر کی رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔
آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ چند ہی منٹوں میں پورے عمارت میں دھواں بھر گیا، جس کے باعث اردگرد کے رہائشی گھروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کو فوراً اطلاع دی گئی، اور 10 فائر ٹینڈرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
عینی شاہد کا بیان: "شٹر دھماکے سے پھٹ گیا، پوری بلڈنگ ہل گئی، سب اندھیرا ہو گیا”
واقعہ کے وقت عمارت کی اوپری منزل پر موجود ایک جم کے ٹرینر نے میڈیا کو سنسنی خیز تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے بعد صورتحال انتہائی خوفناک ہو گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا:
- "میں شام 10:45 پر جم میں تھا کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا اور الیکٹرانکس شو روم کا شٹر ادھر جا گرا۔ دھماکے کی وجہ سے ہماری پوری بلڈنگ کے شیشے ٹوٹ گئے۔”
- "فال سیلنگ ایک دم گر گئی، اندر اتنا دھواں بھر گیا کہ بچوں کو کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ ہر طرف اندھیرا ہو چکا تھا کیونکہ بجلی فوراً چلی گئی۔”
- "میں نے کئی بچوں کو نیچے اتارا، واچ مین بے ہوش ہونے لگا تو اسے بھی گود میں اٹھا کر باہر لے گیا۔”
- "جو گاڑی نیچے کھڑی تھی، وہ بھی شٹر پھٹنے سے آگ کی لپیٹ میں آگئی۔”
عینی شاہد نے یہ بھی الزام لگایا کہ علاقے میں پچھلے کچھ سالوں کے دوران یہ تیسرا بڑا آتشزدگی کا واقعہ ہے۔ ان کے مطابق:
- "یہاں پہلے بجاج الیکٹرانکس میں آگ لگی، پھر دوسری بلڈنگ میں، اب یہ تیسری بار ایسا ہوا ہے۔ اتنے بڑے گودام بنائے جاتے ہیں لیکن سیفٹی کے کوئی انتظامات نہیں ہوتے۔”
- "میں پولیس افسران سے اپیل کرتا ہوں کہ مکمل اور منصفانہ تحقیقات کی جائیں۔ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند ہونا چاہیے۔”
ابتدائی شبہ: شارٹ سرکٹ — مزید تحقیقات جاری
ڈی سی پی ساؤتھ زون کرن کھیرے پربھاکر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم فائر ڈیپارٹمنٹ اور پولیس دونوں اس واقعے کی گہرائی سے جانچ کر رہے ہیں تاکہ اصل وجہ سامنے آسکے۔
ٹریفک نظام درہم برہم، پورا علاقہ کورڈن آف
چارمینار سے چندریان گٹہ تک ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت شاہ علی بنڈہ روڈ کے مکمل حصے کو بند کر دیا۔
قریب میں سلینڈر پھٹنے کی آواز کا دعویٰ — سرکاری تصدیق نہیں
کچھ مقامی لوگوں نے یہ دعویٰ کیا کہ انہیں قریب کے کسی مقام سے سلینڈر پھٹنے جیسی آواز سنائی دی تھی، تاہم حکام نے اب تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
علاقے میں بار بار آگ کے واقعات سے شہریوں میں تشویش
قابلِ ذکر ہے کہ چند ماہ قبل بھی یہی علاقہ ایک بڑی آگ کی لپیٹ میں آیا تھا جب باجاج الیکٹرانکس میں شدید آگ بھڑکی تھی۔ مسلسل واقعات نے شہریوں اور تاجروں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔