یوٹیوب پر کلک بیٹ (Clickbait) کے ذریعے کمائی کا شرعی حکم،مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کلک بیٹ (Clickbait) کے استعمال کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناظرین کو دھوکہ دے کر ویڈیوز پر کلک کروانا اور مواد کو حقیقت سے مختلف پیش کرنا شریعتِ اسلامیہ کے مطابق ناجائز اور گناہ ہے۔
حیدرآباد: خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کلک بیٹ (Clickbait) کے استعمال کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناظرین کو دھوکہ دے کر ویڈیوز پر کلک کروانا اور مواد کو حقیقت سے مختلف پیش کرنا شریعتِ اسلامیہ کے مطابق ناجائز اور گناہ ہے۔
مفتی صابر پاشاہ قادری نے قرآنِ مجید کی آیت،
"إِنَّ اللّٰهَ لَا يُحِبُّ مَنْ كَانَ خَوَّانًا أَثِيمًا” (النساء: 107) کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ایسے شخص کو پسند نہیں کرتا جو دھوکہ دینے والا اور بددیانت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھوکہ دہی انسان کو گناہ اور خیانت کے زمرے میں داخل کرتی ہے۔
انہوں نے احادیث کی روشنی میں وضاحت کی کہ ناظرین کی تعداد بڑھانے یا اشتہاری آمدنی کے لیے غلط عنوانات اور تصاویر استعمال کرنا، جو حقیقت سے مختلف ہوں، دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کا ارشاد ہے: "مَنْ غَشَّ فَلَيْسَ مِنِّي” یعنی جس نے دھوکہ دیا وہ مجھ سے نہیں۔
مولانا مفتی صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ جس طرح تاجر کے لیے جائز نہیں کہ وہ باہر سے خشک اور اندر سے تر مال بیچے، اسی طرح یوٹیوبر یا مواد تیار کرنے والے کے لیے بھی جائز نہیں کہ وہ ظاہر میں کچھ اور اور حقیقت میں کچھ اور پیش کرے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ دھوکہ باز شخص کی کمائی ناجائز اور حرام ہے، کیونکہ یہ مال جھوٹ، فریب اور بددیانتی کے ذریعے حاصل کیا گیا ہوتا ہے۔ آخر میں انہوں نے عوام اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر صدق و امانت کو اپنا شعار بنائیں اور حلال کمائی کو ترجیح دیں، کیونکہ دھوکہ دہی سے حاصل شدہ مال نہ صرف ناپاک ہے بلکہ آخرت میں سخت عذاب کا سبب بھی بن سکتا ہے۔