بریکنگ: غداری کیس میں شرجیل امام کو ضمانت منظور
جس مقدمہ میں انہیں ضمانت ملی ہے وہ 2019 میں نیو فرینڈز کالونی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ آج منظورہ ضمانت کا تفصیلی حکم بعد میں جاری کیا جائے گا۔

نئی دہلی: جے این یو کے سابق طالب علم اور جہدکار شرجیل امام کو جمعہ کو دہلی کی ایک عدالت نے 2019 کے غداری کیس میں ضمانت دے دی۔ تاہم، وہ حراست میں ہی رہیں گے کیونکہ انہیں دیگر مقدمات میں ضمانت نہیں ملی ہے۔
جس مقدمہ میں انہیں ضمانت ملی ہے وہ 2019 میں نیو فرینڈز کالونی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ آج منظورہ ضمانت کا تفصیلی حکم بعد میں جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں 23 جولائی کو، کرکرڈوما عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے غداری کے مقدمہ میں شرجیل امام کی عبوری ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔
جے این یو کے سابق طالب علم دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کے بعد نچلی عدالت سے رجوع ہوئے تھے کیونکہ استغاثہ نے اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھایا تھا۔
شرجیل امام نے نوآبادیاتی دور کے غداری قانون کی تنسیخ سے متعلق سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعد راحت کے لئے سب سے پہلے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر انہیں نچلی عدالت رجوع ہونے کے لئے ہدایت دی گئی تھی۔
درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گذار 28 جنوری 2020 سے تقریباً 28 ماہ تک قید میں ہے جب کہ اس جرم کے لئے زیادہ سے زیادہ سزا دو سال ہےؤ
دہلی پولیس کے مطابق، جے این یو کے اسکالرز اور جہدکار شرجیل امام اور عمر خالد ان لوگوں میں شامل ہیں جو مبینہ طور پر 2020 کے دہلی فسادات سے جڑی مبینہ بڑی سازش میں ملوث ہیں۔
پولیس کے مطابق امام اور خالد کو اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزامات کا سامنا ہے جن کے باعث نے مبینہ طور پر تشدد کو بڑھاوا ملا۔
قومی دارالحکومت میں فروری 2020 میں فسادات پھوٹ پڑے تھے جب سی اے اے (شہریت ترمیمی ایکٹ) مخالف اور سی اے اے کے حامی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا تھا۔ ہنگامہ آرائی میں 50 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 700 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔