کھیل

شعیب اختر کا اپنی دوسری شادی سے متعلق چونکا دینے والا بیان

ماضی کے فاسٹ بولر شعیب اختر سے ایک انٹرویو میں ان کی دوسری شادی سے متعلق سوال ہوا جس کا جواب دے کر انہوں نے سب کو حیران کر دیا۔

لاہور: ماضی کے فاسٹ بولر شعیب اختر سے ایک انٹرویو میں ان کی دوسری شادی سے متعلق سوال ہوا جس کا جواب دے کر انہوں نے سب کو حیران کر دیا۔

متعلقہ خبریں
عمران ملک کو اپنی جارحیت کم نہیں کرنی چاہئے: شعیب اختر

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کسی نہ کسی حوالے سے میڈیا میں خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں میزبان نے ان سے دوسری شادی سے متعلق سوال کیا تو ان کا جواب سن کر ان کے پرستار بھی حیران رہ گئے۔

شعیب اختر سے جب میزبان نے پوچھا کہ کیا آپ دوسری شادی کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلام مرد کو ایک سے زائد شادیوں کی اجازت دیتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی فاسٹ بولر نے کہا کہ ’’ان کے لیے ایک ہی کافی ہے‘‘ اور وہ خود کسی ایک ہی انسان کے ساتھ وفاداری نبھانے کے قائل ہیں۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ جب آپ کسی لڑکی سے شادی کرتے ہیں تو وہ آپ کے لیے اپنا گھر چھوڑ کر آتی ہے تو مردوں کو بھی چاہیے کہ اس عورت کے لیے اپنی بھی کچھ چیزیں یا عادتیں چھوڑ دے، ان کے ساتھ محبت سے پیش آئیں۔ اپنی اہلیہ کے لیے اچھے مرد کی مثال قائم کریں اور یہ صرف اسی صورت ممکن ہے کہ جب مرد کا کردار بے حد مضبوط ہو۔

اس انٹرویو میں شعیب اختر نےاپنی اہلیہ رباب خان کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے رباب سے اپنی والدہ کے کہنے پر شادی کی تھی کیونکہ وہ اپنی والدہ کی ہر بات مانتے تھے لہٰذا انکے اس فیصلے کو بھی تسلیم کیا جو آگے چل کر خوش آئند نکلا۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے 25 جون 2014 کو خیبرپختونخوا کے شہر ہری پور میں رباب خان سے شادی کی جن سے ان کے دو بیٹے ہیں۔