سدارامیا کرناٹک چیف منسٹر اور ڈی کے شیو کمار نے ڈپٹی چیف منسٹر کا حلف لیا
حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس پارٹی کی جانب سے کرناٹک کے عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ نے کانگریس پارٹی کی مکمل حمایت کی۔

بنگلورو: سدارامیا نے آج دوسری بار کرناٹک کے چیف منسٹر کے طورپر حلف لیا۔ جبکہ ڈی کے شیو کمار ڈپٹی چیف منسٹر بن گئے۔ اس کے ساتھ 8 دیگر ایم ایل اے نے بھی وزیر کے طورپر حلف لیا۔ بنگلورو میں منعقد ہونے والی اس حلف براری تقریب میں کانگریس کے تمام بڑے قائدین کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی علاقائی پارٹیوں کے سینئر قائدین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل غیر بی جے پی کیمپ کےلئے اظہار یکجہتی کے طورپر بھی دیکھا جارہا ہے۔
کرناٹک کی نئی حکومت کی پہلی کابینہ کی میٹنگ چند گھنٹوں میں ہونے والی ہے۔ اس موقع پر راہول گاندھی نے کہاکہ کابینہ کی ہونے والی میٹنگ میں ہمارے 5 وعدے قانون بن جائیں گے۔ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔
حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس پارٹی کی جانب سے کرناٹک کے عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ نے کانگریس پارٹی کی مکمل حمایت کی۔ آپ اور ہم جانتے ہیں کہ آپ نے گزشتہ 5 سالوں میں کن مشکلات پر قابوپایا ہے۔ میڈیا میں لکھا گیا کہ کانگریس پارٹی نے یہ الیکشن کیوں جیتا؟ اس جیت کی ایک ہی وجہ ہے اور وہ یہ کہ کانگریس کرناٹک کے غریبوں، پسماندہ اور دلتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
سدارامیا نے کرناٹک کے نئے چیف منسٹر اور ڈی کے شیو کمار ڈپٹی چیف منسٹر کے طورپر حلف لیا۔ ڈاکٹر جی کے ساتھ پرمیشور، کے ایچ منیا پا، کے جے جارج اور ایم بی پاٹل، ستیش جارکی ہولی، پرینک کھرگے، راملنگا ریڈی اور بی زیڈ ضمیر احمد خان نے بھی کرناٹک کی نو منتخب حکومت میں بطور وزیر حلف لیا۔