شمال مشرق

سکم اسمبلی انتخابات: ایس کے ایم کلین سویپ کی جانب گامزن

حکمراں سکم کرانتی کاری مورچہ (ایس کے ایم) 32 رکنی سکم اسمبلی میں 28 سیٹوں پر برتری حاصل کر کے بھاری اکثریت سے جیت کی طرف گامزن دکھائی دے رہا ہے۔ اتوار کو یہاں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

گنگٹوک: حکمراں سکم کرانتی کاری مورچہ (ایس کے ایم) 32 رکنی سکم اسمبلی میں 28 سیٹوں پر برتری حاصل کر کے بھاری اکثریت سے جیت کی طرف گامزن دکھائی دے رہا ہے۔ اتوار کو یہاں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

خاص اپوزیشن پارٹی سکم ڈیموکریٹک فرنٹ (ایس ڈی ایف) صرف ایک سیٹ پر آگے ہے۔

وزیراعلی اور ایس کے ایم کے سپریمو پریم سنگھ تمانگ، جو ریناک اور سورینگ چکنگ سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، نے دونوں سیٹوں پر اپنے حریفوں پر مضبوط برتری حاصل کی ہے۔ مسٹر تمانگ کی اہلیہ کرشنا کماری بھی ایس کے ایم کے ٹکٹ پر نامچی-سنگھی تھانگ حلقہ سے آگے ہیں۔

دوسری طرف، ایس ڈی ایف کے سربراہ پون کمار چاملنگ دونوں سیٹوں پوکلوک-کامرنگ اور نمچی بنگ پر پیچھے ہیں۔

ایس ڈی ایف کے ایک اور اسٹار امیدوار، بائیچنگ بھوٹیا بھی بارفنگ (بی ایل-ریزرو) سیٹ سے پیچھے ہیں۔ ہندوستانی فٹ بال کے سابق کپتان بھوٹیا نے گزشتہ نومبر میں اپنی ہمرو سکم پارٹی کو چاملنگ کی ایس ڈی ایف میں ضم کر دیا تھا۔

واحد نشست جہاں ایس ڈی ایف آگے ہے وہ شائری ہے، جہاں اس کے امیدوار تینجنگ نوربو لامتھا بدستور برتری بنائے ہوئے ہیں۔ لامتھا نے حال ہی میں ایس کے ایم سے ایس ڈی ایف میں شمولیت اختیار کی ہے۔

بی جے پی، جس نے ایس کے ایم کے ساتھ اتحاد توڑنے کے بعد تنہا الیکشن لڑا تھا، وہ تمام سیٹوں پر پیچھے چل رہی ہے جو اس نے لڑی تھیں۔

کانگریس اور سٹیزن ایکشن پارٹی سکم (سی اےپی- ایس) بھی کافی پیچھے رہی۔ سکم اسمبلی انتخابات 19 اپریل کو ہوئے تھے۔