تلنگانہ

منی پورسے تلنگانہ طلبہ کو ایرلفٹ کرنے کافیصلہ

حکومت تلنگانہ‘تشددسے متاثرہ ریاست منی پور میں پھنسے ریاستی طلبہ اورعوام کونکالنے کیلئے ایک خصوصی طیارہ‘امپھال روانہ کرے گی۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ‘تشددسے متاثرہ ریاست منی پور میں پھنسے ریاستی طلبہ اورعوام کونکالنے کیلئے ایک خصوصی طیارہ‘امپھال روانہ کرے گی۔

تلنگانہ پولیس کے سربراہ انجنی کمار نے ہفتہ کے روزبتایا کہ توقع ہے کہ خصوصی طیارہ‘7 مئی کی صبح امپھال پہونچے گا۔ریاست کے شہریوں کے انخلا میں مدد کے لئے ڈی جی پی آفس میں ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔

تلنگانہ پولیس نے تشدد سے متاثرہ ریاست منی پور میں پھنسے تلنگانہ عوام کی مدد کیلئے ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کی ہے۔ ڈی جی پی انجنی کمار نے کہا کہ تلنگانہ پولیس، ریاست کے عوام کی مدد کیلئے منی پور پولیس کے ساتھ ربط میں ہے۔

منی پور میں پھنسے تلنگانہ عوام کی مدد کیلئے تلنگانہ ہیلپ لائن نمبر 7901643283پر ربط پیدا کرسکتے ہیں اور ڈی آئی جی سومتی سے مدد طلب کرسکتے ہیں۔ یہ ہیلپ لائن دن کے 24 گھنٹے کھلی رہے گی ریاست کے شہری، dgp@tspolice.gov.in پر ای میل بھی کرسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق منی پور کی حالیہ نظم وضبط کی صورتحال کے پیش نظر بی آر ایس حکومت نے تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی ریاست کی صورتحال پرنظررکھنے کیلئے جہاں خصوصی سیل کے قیام کافیصلہ کیاہے وہیں منی پور میں مقیم تلنگانہ کے طلبہ اورعوام کی سلامتی کویقینی بنانے کے بشمول خصوصی پروازیں چلانے کے اقدامات کا اعلان کیاہے۔

ان خصوصی پروازوں کے ذریعہ منی پور میں مقیم تلنگانہ کے طلبہ کاانخلاکیاجائے گا۔دستیاب اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے تقریباً 250 طلبہ‘امپھال اوراس کے قرب وجوار کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں۔ ریاستی حکومت نے امپھال سے تلنگانہ کے طلبہ کو ایرلفٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کیلئے اتوار کی صبح امپھال سے حیدرآباد کیلئے خصوصی پروازکانظم کیاگیاہے۔چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے منی پور کے ہم منصب سے ربط پیدا کرتے ہوئے تلنگانہ کے طلبہ کوامپھال سے حیدرآبادمحفوظ طریقہ سے انخلامیں مدد کی خواہش کی ہے۔تلنگانہ عوام اور طلبہ کوسلامتی کے ساتھ حیدرآباد لانے کے لئے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی دونوں منی پور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔