دہلی

نفرت کے ذریعہ سماج میں پھوٹ ڈالی جارہی ہے:کھڑگے

اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کے 138 ویں یوم تاسیس پر پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں لیکن حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔

نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے آج حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی بنیادوں پر مسلسل حملے کئے جارہے ہیں اور نفرت کے ذریعہ سماج میں پھوٹ ڈالی جارہی ہے۔

یہاں اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کے 138 ویں یوم تاسیس پر پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں لیکن حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے کانگریس کے شمولیاتی رویہ کی وجہ سے ترقی کی ہے کیونکہ کانگریس سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ ہندوستان نہ صرف کامیاب بلکہ مضبوط جمہوریت بن کر ابھرا۔ اس نے چند ہی دہائیوں میں معاشی‘ نیوکلیر اور حکمت عملی کے شعبوں میں سوپرپاور کا موقف حاصل کرلیا۔

 یہ زراعت‘ تعلیم‘ میڈیکل‘ آئی ٹی اور خدمات کے شعبہ میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ خود بہ خود نہیں ہوا بلکہ کانگریس کے جمہوریت میں ایقان‘ ہماری شمولیاتی آئیڈیالوجی جس میں سب کو ساتھ لے کر چلاتا ہے اور دستور پر ہمارے کامل عقیدہ کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ دستور سبھی کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کی بنیادوں پر مسلسل حملہ کیا جارہا ہے۔ نفرت کے ذریعہ سماج کو بانٹا جارہا ہے۔ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں لیکن حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ کھڑگے نے سابق پارٹی صدور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی موجودگی میں اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس پر پارٹی کا پرچم بھی لہرایا۔

راہول گاندھی کو ایک بار پھر شدید سردی کے باوجود سفید ٹی شرٹ پہنے ہوئے دیکھا گیا۔ راہول گاندھی نے جدوجہد آزادی کے دوران کانگریس کے سابق یوم ِ تاسیس کے موقع پر لی گئی تصاویر بھی شیئرکیں۔

 انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی تنظیم کا حصہ ہوں جس نے ہر صورت ِ حال میں سچ‘ عدم تشدد اور جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہے اور ہمیشہ عوام کے مفاد میں اقدامات کئے ہیں۔ کھڑگے نے کانگریس قائدین کا ایک قدیم ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ انڈین نیشنل کانگریس نے ہمیشہ ہندوستانی عوام کی بہبود اور ترقی کے لئے کام کیا ہے۔

 ہم مساوات میں ٹھوس یقین رکھتے ہیں جس کی دستورِ ہند میں ضمانت دی گئی ہے۔ کانگریس کے یوم ِ تاسیس پر میری نیک تمنائیں قبول کریں۔ پارٹی دفتر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1885 میں آج ہی کے دن ممبئی میں کانگریس کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ کانگریس کے قیام سے اب تک 137 سال گزرچکے ہیں۔