رمضان المبارک سے قبل تاریخی مکہ مسجد میں خصوصی انتظامات، شیڈ کور نصب
مقدس ماہِ رمضان کی آمد سے قبل چہارشنبہ کے روز حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نمازیوں کی سہولت کے لیے خصوصی شیڈ کور نصب کیا گیا، جس سے عبادت گزاروں کو گرمی اور دھوپ سے راحت حاصل ہوگی۔
حیدرآباد: مقدس ماہِ رمضان کی آمد سے قبل چہارشنبہ کے روز حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نمازیوں کی سہولت کے لیے خصوصی شیڈ کور نصب کیا گیا، جس سے عبادت گزاروں کو گرمی اور دھوپ سے راحت حاصل ہوگی۔ یہ انتظامات رمضان المبارک کے دوران مصلیوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں تاکہ روزہ دار اور نمازی مکمل اطمینان کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔
رمضان المبارک کے پیش نظر تلنگانہ حکومت اور محکمۂ اقلیتی بہبود کی جانب سے بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں محکمۂ اقلیتی بہبود کی ایک اہم اعلیٰ سطحی ریویو میٹنگ سکریٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت معزز وزیر برائے پبلک انٹرپرائزز و اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ چند روز قبل وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نےٹمریز کے چیئرمین فہیم قریشی، چارمینار کے رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مکہ مسجد کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کی سہولت کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ حکومت کے ان اقدامات کو مذہبی مقامات پر سہولتوں کی بہتری اور اقلیتی برادری کی فلاح کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔