جامعہ دار الہدی میں طلبہ کی اخلاقی، تعلیمی اور دینی تربیت پر خصوصی تربیتی نشست کا انعقاد
اختتامی خطاب میں حضرت مولانا حافظ وقاری حیات پاشاہ نے کہا کہ اس تربیتی سلسلے کا مقصد طلبہ میں ادب، نظم و ضبط، وقت کی پابندی، اسباق کی باقاعدہ تیاری اور اساتذہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے ان اصولوں پر عمل کرنے کا عہد بھی لیا۔
حیدرآباد: جامعہ دار الہدی کے شعبۂ حفظ و ناظرہ میں طلبہ کی اخلاقی، تعلیمی اور دینی تربیت کے فروغ کے مقصد سے ایک خصوصی تربیتی نشست منعقد کی گئی۔ نشست کی صدارت جامعہ کے ایڈمنسٹریٹر جناب آصف محی الدین نے کی، جبکہ معروف ماہرِ تعلیم جناب حمید احساس نے طلبہ سے تربیتی خطاب کیا۔ اس موقع پر شعبۂ حفظ و ناظرہ کے اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں حمید احساس نے طلبہ پر زور دیا کہ علم کے حصول کے لیے سچی طلبِ علم، توجہ سے سننے کی عادت، اساتذہ کا احترام اور نظم و ضبط بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم ایک نور ہے اور گناہ اس کے حصول میں رکاوٹ بنتے ہیں، اس لیے ہر طالب علم کو جھوٹ، بدزبانی، چغلی، لڑائی جھگڑے، بے ادبی، سستی اور دیگر اخلاقی برائیوں سے اجتناب کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی تلاوت، ذکر و دعا اور نیک اعمال کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
نشست کے دوران طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔
اختتامی خطاب میں حضرت مولانا حافظ وقاری حیات پاشاہ نے کہا کہ اس تربیتی سلسلے کا مقصد طلبہ میں ادب، نظم و ضبط، وقت کی پابندی، اسباق کی باقاعدہ تیاری اور اساتذہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے ان اصولوں پر عمل کرنے کا عہد بھی لیا۔
نشست دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جبکہ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے لیے آئندہ بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔