تلنگانہ

ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کردیا، تین گرفتار

تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ منڈل کے ہنومجی پیٹ میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے اپنے شوہر کو عاشق اور ایک دوسرے ساتھی کے ساتھ مل کر قتل کردیا۔

کاماریڈی: تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ منڈل کے ہنومجی پیٹ میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے اپنے شوہر کو عاشق اور ایک دوسرے ساتھی کے ساتھ مل کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت گمڈی کاشی رام (26) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کی بیوی گمڈی ساوتری کے مبینہ طور پر پسوپولیٹی سنتوش کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ شوہر کو راستے سے ہٹانے کے لیے ساوتری نے اپنے عاشق سنتوش اور ایک دوسرے شخص چنتاکنڈی رامو کے ساتھ مل کر قتل کی سازش رچی۔

بتایا جاتا ہے کہ رواں ماہ کی 23 تاریخ کو سنتوش اور رامو، کاشی رام کو شراب پینے کے بہانے پچھیرو تالاب لے گئے۔ وہاں اسے شراب پلانے کے بعد مبینہ طور پر نشے کی حالت میں نائیلون کی رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور لاش تالاب میں پھینک کر فرار ہوگئے۔

کاشی رام کی مشتبہ موت پر اس کے والد نے پولیس میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ تفتیش کے دوران مبینہ قتل کی سازش کا انکشاف ہوا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیوی ساوتری، اس کے عاشق سنتوش اور رامو کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔