قومی

تیز رفتار کار نے اسکولی بچوں کو کچل دیا، 3 کی حالت تشویشناک (خوفناک ویڈیو)

حادثے میں کل 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں 7 اسکولی بچے، ایک راہگیر لڑکی اور گاڑی کا ڈرائیور شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوراً اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تین بچوں کی حالت نازک ہے۔

دہلی:ـ دہرادون ضلع کے وکاس نگر سیلاکوئی علاقہ میں ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا۔ دہرادون-پاؤٹہ قومی شاہراہ سے تیز رفتاری سے آنے والی ایک کار نے اسکول سے واپس جا رہے بچوں کو ٹکر مار دی۔ اس خوفناک حادثہ میں 7 اسکولی بچے، ایک راہگیر لڑکی اور گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے اور تمام کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ دلخراش واقعہ دہرادون شہر کے نِگم روڈ پر واقع راجکیہ آدرش انٹر کالج کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسکول سے بچے اپنے گھروں کی طرف جا رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق، دوپہر کے وقت اسکول کے باہر بچے سڑک پار کر رہے تھے، جب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ان کو ٹکر دے دی۔

گاڑی کی رفتار اتنی تیز تھی کہ اس نے نہ صرف بچوں کو کچل دیا، بلکہ سڑک پر کھڑی تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ حادثے کے بعد شور مچ گیا اور مقامی لوگ فوراً زخمیوں کی مدد کے لیے دوڑے۔

حادثے میں کل 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں 7 اسکولی بچے، ایک راہگیر لڑکی اور گاڑی کا ڈرائیور شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوراً اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تین بچوں کی حالت نازک ہے۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی بروقت کارروائی سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جا سکا۔

دہرادون میں تیز رفتاری اور لاپرواہی کی وجہ سے ہونے والے سڑک حادثات کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ حالیہ مہینوں میں کئی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جن میں بچوں کی جان گئی ہے۔ مثال کے طور پر، نومبر 2024 میں او این جی سی چوک پر ایک تیز رفتار انووا کار کے ٹرک سے ٹکرا جانے سے 6 بچوں کی موت ہو گئی تھی۔