تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا 14مارچ سے آغاز
طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحانی مراکز پر ایک گھنٹہ قبل پہنچ جائیں۔ اس بار ریاست بھر میں قائم کردہ 2,676 مراکز پر مجموعی طور پر 5,17,727 طلبہ امتحان دیں گے جن میں 1,582 سرکاری اور 1,094 خانگی اسکولوں کے مراکز شامل ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں ایس ایس سی کے امتحانات کا آغاز14مارچ سے شروع ہو رہے ہیں جو 16 اپریل تک جاری رہیں گے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ امتحان شروع ہونے کے مقررہ وقت کے بعد صرف 5 منٹ کی تاخیر یعنی صبح 9:35 بجے تک کی گنجائش دی جائے گی اس کے بعد کسی بھی طالب علم کو مرکز امتحان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحانی مراکز پر ایک گھنٹہ قبل پہنچ جائیں۔ اس بار ریاست بھر میں قائم کردہ 2,676 مراکز پر مجموعی طور پر 5,17,727 طلبہ امتحان دیں گے جن میں 1,582 سرکاری اور 1,094 خانگی اسکولوں کے مراکز شامل ہیں۔
امتحانات کی شفافیت برقرار رکھنے کے لئے مراکز کو نو سیل فون زون قرار دیا گیا ہے۔ یہ پابندی نہ صرف طلبہ بلکہ امتحانی عملے، اسکواڈ اور معائنہ کرنے والے اعلیٰ عہدیداروں پر بھی لاگو ہوگی۔
اگر کوئی عہدیدارڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرتا پایا گیا تو اسے فوری معطل کر دیا جائے گا جبکہ پیپر لیک کرنے کی صورت میں ملازمت سے برخاستگی کی سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب، محکمہ تعلیم اور خاص طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کے لئے اس بار دوہری ذمہ داری ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔
ایک طرف 14 مارچ سے امتحانات شروع ہو رہے ہیں، تو دوسری طرف یکم اپریل سے جوابی پرچوں کی جانچ کا عمل بھی شروع ہو جائے گا جس کی وجہ سے امتحانات کے انعقاد اور کیمپوں کی نگرانی کے درمیان توازن برقرار رکھنا حکام کے لئے دردسر بن گیا ہے۔