آندھراپردیش

ریاستی وزیر سندھیارانی حادثہ میں کرشماتی طور پر محفوظ

آندھراپردیش کی وزیربہبود خواتین واطفال گمڈی سندھیارانی‘ ضلع وجیانگرم میں جمعرا ت کے روز اس وقت بال بال بچ گئیں جبکہ ان کے قافلہ میں شامل پولیس کی ایک گاڑی‘ مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری گاڑی سے ٹکراگئی۔

وشاکھاپٹنم: آندھراپردیش کی وزیربہبود خواتین واطفال گمڈی سندھیارانی‘ ضلع وجیانگرم میں جمعرا ت کے روز اس وقت بال بال بچ گئیں جبکہ ان کے قافلہ میں شامل پولیس کی ایک گاڑی‘ مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری گاڑی سے ٹکراگئی۔

پولیس اسکارٹ گاڑی میں سوار5پولیس ملازمین‘ اس حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ رمبھادرا پورم منڈل کے گاؤں بوسا یا ولاسہ میں اسوقت یہ حادثہ پیش آیا جبکہ وزیر سندھیارانی‘ سلور سے منٹاڈا میں ایک پروگرام میں شرکت کے لئے جارہی تھیں۔

پولیس کے مطابق وزیرکا قافلہ جب بوسایاولاسہ پہنچا تب ایک ایچرگاڑی اچانک سڑک پر آگئی اور وزیر کی پولیس اسکارٹ گاڑی سے ٹکراگئی۔ اس حادثہ میں پولیس اسکارٹ کے 5 جوان زخمی ہوگئے۔ وزیر کی گاڑی‘ پولیس اسکارٹس گاڑی کے پیچھے تھی۔

وزیرسندھیا رانی جس کار میں سوار تھیں اس کار کے ڈرائیور نے بروقت بریک لگادیا اس طرح ریاستی وزیر بہبودخواتین واطفال کرشماتی طور پر حادثہ میں محفوظ رہیں۔ حادثہ کے بعد وزیر وہیں ٹہریں اور ریسکیوآپریشن کی نگرانی کی۔

انہوں نے زخمی پولیس ملازمین کو امبولنس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کرنے میں مدد کی۔ زخمیوں کو وجیانگرم کے تروملا میڈیکورہاسپٹل میں منتقل کردیا۔