تلنگانہ کو تعلیم اور روزگار میں ملک میں نمبر ون مقام پر لانے اقدامات: وزیرکومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی
انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے نلگنڈہ ضلع میں شروع کیا جانے والا ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ رہائشی اسکول ریاست کا پہلا اسکول ہوگا۔ وزیرموصوف نے انجینئرنگ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نو ماہ میں اس اسکول کی تعمیر مکمل کر کے اسے استعمال کے لیے تیار کریں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کو تعلیم اور روزگار میں ملک میں نمبر ون مقام پر لانے کے لیے ریاستی حکومت اقدامات کر رہی ہے، یہ بات سڑک و عمارات کے وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہی۔
انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے نلگنڈہ ضلع میں شروع کیا جانے والا ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ رہائشی اسکول ریاست کا پہلا اسکول ہوگا۔ وزیرموصوف نے انجینئرنگ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نو ماہ میں اس اسکول کی تعمیر مکمل کر کے اسے استعمال کے لیے تیار کریں۔
نلگنڈہ ضلع کے گندم واری گوڑم میں 200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس اسکول کے کاموں کے لیے وزیرموصوف نے ضلع کلکٹر ایلا تریپاٹھی کے ساتھ سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر کومٹ ریڈی نے کہا کہ یہ عظیم رہائشی اسکول نلگنڈہ ضلع کے طلبہ کے مستقبل سے جڑا ہوا منصوبہ ہے۔ ریاست بھر میں حکومت 20,000 کروڑ روپے کی لاگت سے ایسے ہی اسکولوں کو ڈیزائن اور تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ کا ینگ انڈیا رہائشی اسکول ریاست کا پہلا اسکول ہوگا اور یہ ایک ریکارڈ قائم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکول کی تعمیر کو وزیراعلیٰ کی نمائندگی والے کوڑنگل کے ساتھ مسابقت کرتے ہوئے اس سے بھی بہتر انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
رہائشی اسکول کے قریب ہی میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور تمام سہولیات سے لیس مہاتما گاندھی یونیورسٹی موجود ہے جہاں حال ہی میں ایم فارمیسی اور ایل ایل بی کورسس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔