حیدرآباد

چینی مانجہ کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی:کمشنرپولیس حیدرآباد

اس مقصد کے لئے شہر بھر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ انفورسمنٹ ایجنسیاں آن لائن پلیٹ فارمس کی بھی سخت نگرانی کر رہی ہیں کیونکہ بعض تاجر ای کامرس ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعہ ممنوعہ مانجہ فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حیدرآباد: سنکرانتی تہوار سے قبل حیدرآباد سٹی پولیس نے ممنوعہ چینی مانجہ کے خلاف خصوصی مہم تیز کر دی ہے جس کے نتیجہ میں شہر بھر میں بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں اور یہ مانجہ ضبط کیا گیا۔جمعرات کو میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے کہا کہ سنکرانتی خوشیوں اور پتنگ بازی کا تہوار ہے

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
اسمارٹ فونس چوری کرنے والی ٹولی بے نقاب، 31ملزمین گرفتار
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام

لیکن یہ جشن انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے انسانوں، پرندوں اور ماحول کے لیے سنگین خطرات کے پیش نظر چینی مانجہ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اس معاملہ میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جو بھی چینی مانجہ فروخت کرتے، ذخیرہ کرتے یا منتقل کرتے ہوئے پایا گیا، اس کے خلاف فوری فوجداری کارروائی کی جائے گی۔

اس مقصد کے لئے شہر بھر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ انفورسمنٹ ایجنسیاں آن لائن پلیٹ فارمس کی بھی سخت نگرانی کر رہی ہیں کیونکہ بعض تاجر ای کامرس ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعہ ممنوعہ مانجہ فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ چینی مانجہ کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ والدین اور شہریوں کو محتاط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے سجنار نے نشاندہی کی کہ چینی مانجہ پر لگی دھاتی تہہ شدید زخموں اور خاص طور پر بچوں کے لئے برقی شاک کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف روایتی سوتی دھاگے کا استعمال کریں اور خلاف ورزیوں کی اطلاع پولیس کو دیں۔ چینی مانجہ کے سلسلہ میں پولیس نے اب تک 103 مقدمات درج کر کے 143 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مجموعی طور پر ممنوعہ چینی مانجہ کی 6,226 چرخیوں کو ضبط کیا گیا ہے جن کی مالیت 1,24,52,000 روپے بتائی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ساؤتھ ویسٹ زون میں سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سامنے آئیں جہاں 34 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور46 گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ وہاں سے 65.30 لاکھ روپے مالیت کا مانجا برآمد ہوا۔ ساؤتھ زون میں 27 مقدمات اور 37.22 لاکھ روپے کی برآمدگی عمل میں آئی۔

اسی طرح ایسٹ زون میں 18 اور ساؤتھ ایسٹ زون میں 9 معاملات درج ہوئے۔ سنٹرل، نارتھ اور ویسٹ زونس میں بالترتیب 6،5 اور 4مقدمات درج کئے گئے۔ اس پوری کارروائی میں کمشنر ٹاسک فورس نے اہم کردار ادا کیا جس کے حصہ میں 67 معاملات اور 87 گرفتاریاں آئیں۔

اس جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر پولیس ایم سرینواسلو اور دیگر سینئر عہدیدارموجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر نے مہم میں شامل ٹیموں کو مبارکباد دی اور انہیں نقد انعامات سے نوازا۔