پاکستان میں ریلوے پلیٹ فام پر خودکش حملہ، 27 افراد جاں بحق (ویڈیو)
پاکستان کے گڑبڑزدہ صوبہ بلوچستان کے ایک ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کے دن خودکش بمبار کے حملہ میں کم ازکم 27 افراد جاں بحق اور 62 دیگر زخمی ہوئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔
اسلام آباد (پی ٹی آئی) پاکستان کے گڑبڑزدہ صوبہ بلوچستان کے ایک ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کے دن خودکش بمبار کے حملہ میں کم ازکم 27 افراد جاں بحق اور 62 دیگر زخمی ہوئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر یہ دھماکہ جعفر ایکسپریس کی روانگی سے قبل ہوا۔ اس ٹرین کو صبح 9 بجے پشاور جانا تھا۔ پلیٹ فارم پر تقریباً 100 افراد موجود تھے۔ کوئٹہ ٹراما سنٹر کے ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ دواخانہ میں 27 نعشیں لائی گئیں۔ خودکش بمبار لگیج کے ساتھ اسٹیشن میں داخل ہوا تھا۔ ڈیویژن کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے کہا کہ خودکش حملہ کی نیت سے آنے والے کو روکنا دشوار ہوتا ہے۔
نسلی بلوچ علیحدگی پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے) نے جسے دہشت گرد تنظیم قراردیا جاچکا ہے‘ حملہ کی ذمہ داری قبول کی۔ بی ایل اے کا الزام ہے کہ وفاقی حکومت‘ بلوچستان کے وسائل کا استحصال کرتی ہے۔ وہ صوبہ کی ترقی کو نظرانداز کرتی ہے۔
وفاقی حکومت کو تاہم اس الزام سے انکار ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ بیرونی طاقتیں ناراض عناصر کو سبوتاج کے لئے استعمال کرتی ہیں۔ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک ہفتہ قبل گرلز اسکول اور ہاسپٹل کے قریب خودکش بمبار کے حملہ میں 8 جانیں گئی تھیں۔ مرنے والوں میں 5 بچے شامل تھے۔
قبل ازیں ایس ایس پی آپریشنس محمد بلوچ نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے خودکش بمبار کے حملہ کا اشارہ ملتا ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رِنڈ کے بموجب ریسکیو اور نفاذِ قانون ٹیمیں فوری حرکت میں آگئیں۔ علاقہ کو گھیرلیا گیا اور زخمیوں کو سیول ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دواخانہ میں مزید میڈیکل عملہ کو طلب کرلیا گیا۔
دھماکہ سے پلیٹ فارم کی چھت کو نقصان پہنچا اور اس کی آواز شہر کے مختلف علاقوں میں سنائی دی۔ چیف منسٹر بلوچستان سرفراز بگٹی نے حملہ کی مذمت کی۔ سنٹر فار ریسرچ اینڈ سیکوریٹی اسٹڈیز(سی آر ایس ایس) کے بموجب جاریہ سال کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان میں تشدد میں 90 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 722 افراد کی جانیں گئیں۔