خاتون ریسیپشنسٹ پر غیر انسانی سلوک، سی سی ٹی وی میں قید دل دہلادینے والے مناظر
خاتون نے صرف اتنا کیا تھا کہ اسپتال کے ڈاکٹر سے فوراً ملاقات کی ضد کرنے والے شخص سے چند لمحہ انتظار کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن اس پر وہ شخص اس قدر برہم ہوگیا کہ خاتون کے بال پکڑ کر اسے فرش پر دے مارا اور بارہا مارا پیٹا۔ اس تمام واقعہ کی ویڈیو اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے۔

ممبئی: مہاراشٹر کے کلّیان شہر کے ناندیولی علاقہ میں واقع ایک نجی اسپتال میں انسانیت کو شرمسار کر دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے معمولی بات پر ایک خاتون ریسیپشنسٹ کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
خاتون نے صرف اتنا کیا تھا کہ اسپتال کے ڈاکٹر سے فوراً ملاقات کی ضد کرنے والے شخص سے چند لمحہ انتظار کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن اس پر وہ شخص اس قدر برہم ہوگیا کہ خاتون کے بال پکڑ کر اسے فرش پر دے مارا اور بارہا مارا پیٹا۔ اس تمام واقعہ کی ویڈیو اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسپتال کے ڈاکٹر ایک میڈیکل ریپریزنٹیٹو (ایم آر) کے ساتھ ایک ضروری میٹنگ میں مصروف تھے۔ اس دوران، خاتون ریسیپشنسٹ کا کام تھا کہ وہ مریضوں کو ملاقات کے لئے تھوڑا انتظار کرنے کو کہیں، تاکہ ڈاکٹر فارغ ہو کر انہیں دیکھ سکیں۔ اسی دوران گوپال جھا نامی ایک شخص ایک مریض کو لے کر اسپتال پہنچا اور فوری طور پر ڈاکٹر سے ملاقات کی ضد کرنے لگا۔
A receptionist girl beaten up by a Guy
— Mintu 🚩 (@Mintu_kumar20) July 23, 2025
in Kalyan MH
He attacked her because she refused to let him – and a woman with a baby – jump the queue to see the doctor, insisting they wait their turn. pic.twitter.com/HBB2npnuuq
ریسیپشن پر موجود لڑکی نے گوپال جھا کو شائستگی سے کئی بار سمجھایا کہ ڈاکٹر اس وقت میٹنگ میں مصروف ہیں اور ملاقات کے لئے کچھ دیر انتظار کرنا ہوگا لیکن گوپال جھا نے نہ صرف بات ماننے سے انکار کیا بلکہ طیش میں آ کر ریسیپشنسٹ پر حملہ کر دیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے اچانک لڑکی کے بال پکڑے اور اسے زور سے زمین پر پٹخ دیا۔ یہی نہیں، اس نے مسلسل کئی بار اس پر ہاتھ اٹھایا۔ یہ منظر نہ صرف دل دہلا دینے والا ہے بلکہ سماج میں بڑھتی عدم برداشت اور تشدد کے رجحان کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
واقعہ کے بعد متاثرہ لڑکی کی شکایت پر مانپاڑا پولیس اسٹیشن میں گوپال جھا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔