امریکہ میں ملازمتوں میں حیران کُن اضافہ
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومتی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سال نو، جو امریکہ کے لیے انتخابی سال ہے، میں ملازمتوں کے نئے مواقع میں اضافہ امریکی صدر بائیڈن کے لیے اچھی خبر ہے۔
واشنگٹن: امریکہ میں جنوری کی سست روی کی توقعات کے برعکس ملازمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے، امریکی لیبر مارکیٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ اس سلسلے میں حیرت انگیز اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومتی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سال نو، جو امریکہ کے لیے انتخابی سال ہے، میں ملازمتوں کے نئے مواقع میں اضافہ امریکی صدر بائیڈن کے لیے اچھی خبر ہے۔
محکمہ محنت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکہ نے جنوری میں 353 ہزار ملازمتوں کا اضافہ کیا جبکہ دسمبر کے اعداد و شمار میں نمایاں طور پر کمی کے ساتھ 333 ہزار ملازمتوں کے اضافے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
امریکہ کے روزگار کے محکمے نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح مسلسل تیسرے مہینے 3.7 فیصد پر مستحکم رہی۔
امریکہ میں پچھلے سال کے دوران ملازمتوں میں اضافے کی ایک وجہ یہ بھی رہی کہ وہاں ملازمتوں کی مارکیٹ نے صارفین کے اخراجات کو سہارا دینے میں مدد فراہم کی، جس کے باعث معاشی نمو میں بھی اضافہ سامنے آیا۔
امریکا میں اس سال کا معاشی طور پر ایک مضبوط آغاز اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ لیبر مارکیٹ معیشت کو تقویت دینے کے لیے تیار ہے۔
محکمہ محنت کے مطابق پیشہ ورانہ اور کاروباری خدمات، صحت کی دیکھ بھال اور ریٹیل ٹریڈ کے ڈیپارٹمنٹس میں ملازمتوں میں اضافے سے امریکہ میں مجموعی طور پر ملازمت کی منڈی میں مثبت ترقی ہورہی ہے۔