جموں و کشمیر

پاکستانی نمبروں سے مشتبہ فون کالس۔ مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں تحقیقات جاری

جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے ایک شخص کو آج ضلع سامبا میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے موبائل فون پر 3 پاکستانی فون نمبرس سے اِن کمنگ کالس پائے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔

جموں (آئی اے این ایس) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے ایک شخص کو آج ضلع سامبا میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے موبائل فون پر 3 پاکستانی فون نمبرس سے اِن کمنگ کالس پائے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔

عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے فاروق احمد کو سامبا میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس کے فون پر 3 پاکستانی فون نمبرس سے اِن کمنگ کالس پائی گئی ہیں۔ اسے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے قریب دیکھا گیا جس کی وجہ سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہوا اور نتیجتاً اسے حراست میں لے لیا گیا۔

جموں وکشمیر پولیس اب اس کے روابط کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے تاکہ مشتبہ سرگرمیوں کے بارے میں پتہ چلایا جاسکے۔ واضح رہے کہ سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر جموں وکشمیر سے پاکستان کو آئی ایس ڈی کالس کی اجازت نہیں ہے۔ دہشت گردوں کا پتہ چلانے اور مشترکہ فورسس کی جانب سے انہیں بندوقوں کی لڑائی میں مصروف کرنے جموں ڈیویژن کے ضلع کٹھوعہ‘ راجوری‘ پونچھ‘ کشٹوار اور اُدھم پور میں بڑے پیمانہ پر ”تلاش کرو اور تباہ کرو“ مہم چلائی جارہی ہے۔

گزشتہ ہفتہ ضلع کشٹوار میں سہ روزہ آپریشن میں 3 پاکستانی دہشت گرد مارے گئے جن میں جیش محمد تنظیم کا کمانڈر سیف اللہ بھی شامل تھا۔ سیکوریٹی فورسس کا ماننا ہے کہ دہشت گرد چاہے وہ مقامی ہوں یا بیرونی قاتل‘ پہاڑی یا اندرونی علاقوں میں اس وقت تک کارروائی نہیں کرسکتے جب تک کہ انہیں اوور گراؤنڈ ورکرس یا ہمدردوں کی لاجسٹک مدد حاصل نہ ہو۔

دعویٰ کیا جاتا ہے کہ بعض مقامی افراد رقم کی لالچ میں یہ پروپگنڈہ سے متاثر ہوکر دہشت گردوں کی مدد کرتے ہیں۔ اسی صورتِ حال کو ”ٹیرر ایکو سسٹم“ کہا جاتا ہے اور ان میں دہشت گرد اوور گراؤنڈ ورکرس‘ ہمدردی رکھنے والے‘ منشیات کے اسمگلرس وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ 23 مارچ کو بین الاقوامی سرحد سے 4 کیلو میٹر اندر ضلع کٹھوعہ کے موضع سانیال میں مقامی افراد نے 5 پاکستانی دہشت گردوں کو دیکھا تھا۔ مقامی پولیس ٹیم فوری سانیال گراؤنڈ پہنچ گئی اور دہشت گردوں کو بندوقوں کی لڑائی میں مصروف کرلیا۔دہشت گرد سفیان جکولے گاؤں کی طرف فرار ہوگئے جہاں ایک بار پھر سیکوریٹی فورسس کے ساتھ ان کا تصادم ہوا۔ بندوقوں کی لڑائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 پولیس ملازمین شہید ہوئے تھے۔