امریکہ میں ہندوستانی نژاد امن دیپ کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی
رپورٹ کے مطابق استغاثہ نے ضمانت کے خلاف دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رسیدیں اور سیکیورٹی کیمرے پیش کیے جس میں ملزم امن دیپ سنگھ کو حادثہ سے قبل دو بار میں شراب پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

نیویارک: امریکہ کی ایک اپیل کورٹ نے کار حادثہ کیس میں ہندوستانی نژاد ڈرائیور امن دیپ سنگھ کی ضمانت کی درخواست کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا ہے۔
امن دیپ پر گزشتہ ماہ ایک کار کو اپنے ٹرک سے ٹکرمارنے کا الزام ہے۔ حادثے میں چودہ سال کے دو بچے ہلاک ہوگئے تھے۔
انڈیکا نیوز نے رپورٹ کیا کہ بروکلین اپیل کورٹ میں استغاثہ نے کہا کہ نئے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم 34 سالہ امن دیپ سنگھ شراب کے نشے میں تھا اور حادثے کے وقت تقریباً 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔
ناساؤ کاؤنٹی کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی مائیکل بشواک نے گزشتہ ہفتے عدالت کو بتایا تھا کہ حادثے کے چار گھنٹے بعد ٹوکسیولوجی رپورٹ میں امن دیپ سنگھ کے خون میں الکوحل کی سطح 0.15 تھی جو قانونی حد سے تقریباً دوگنا تھی۔
رپورٹ کے مطابق استغاثہ نے ضمانت کے خلاف دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رسیدیں اور سیکیورٹی کیمرے پیش کیے جس میں ملزم امن دیپ سنگھ کو حادثہ سے قبل دو بار میں شراب پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
دفاعی وکیل جیمز کوسیروس نے کہا کہ ان کا مؤکل بھاگنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے 10 لاکھ روپے کی ضمانت اور جی پی ایس مانیٹرنگ کے ساتھ گھر میں نظربندی کی تجویز پیش کی اور کہا کہ امن دیپ سنگھ اپنے امریکی اور ہندوستانی دونوں پاسپورٹ حوالے کر دیں۔
بشواک نے دفاع کی اس دلیل پرکہا کہ ملزم نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔ کیونکہ پولیس نے اسے ایک شاپنگ سینٹر کی پارکنگ میں ایک ڈمپسٹر کے پاس چھپا ہوا پایا۔
رپورٹ کے مطابق جب پولیس نے جائے واقع پر ملزم سے پہلی بار پوچھ گچھ کی تو وہ اس قدر نشے میں تھا کہ اسے لگتا تھا کہ وہ نیو جرسی میں ہے۔