اپوزیشن، حج کے مسئلہ پر سیاست نہ کرے: کرن رجیجو
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعرات کے روز اپوزیشن سے کہا کہ وہ حج کے مذہبی مسئلہ پر سیاست کرنے سے گریز کرے اور بتایا کہ سعودی عرب نے کس طرح عازمین کے لئے خصوصی ونڈو کھولنے ہندوستان کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس)مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعرات کے روز اپوزیشن سے کہا کہ وہ حج کے مذہبی مسئلہ پر سیاست کرنے سے گریز کرے اور بتایا کہ سعودی عرب نے کس طرح عازمین کے لئے خصوصی ونڈو کھولنے ہندوستان کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
رجیجو نے سوشل میڈیا کے ذریعہ بتایا کہ سعودی قواعد و ضوابط اور ان کی جانب سے دی گئی مہلت کے مطابق تمام انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حج کمیٹی آف انڈیا (ایچ سی او آئی) اور سی جی آئی نے 1 لاکھ 22 ہزار عازمین کے لئے پورا کام وقت پر مکمل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدبختانہ طورپر خانگی آپریٹرس جاریہ سال سعودی عرب کی دی گئی ٹائم لائن کے مطابق اپنے کنٹراکٹس کو قطعیت نہیں دے سکے اور ادائیگیاں نہیں کرسکے۔ سعودی حکومت نے جاریہ سال مہلت میں کوئی توسیع نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب حکومت ِ ہند نے سعودی ہم منصب کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تو موخرالذکر نے خصوصی رعایت کے ذریعہ ان اندیشوں کا ازالہ کیا۔
مرکزی وزیر نے یہ تیقن اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اندیشوں کے پس منظر میں دیا ہے۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن سے لے کر جموں وکشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ تک کئی سیاسی قائدین نے سعودی عرب کی جانب سے جاریہ سال ہندوستان کے خانگی حج کوٹہ میں کمی کئے جانے کا مسئلہ اٹھایا تھا اور اس معاملہ میں وزارت ِ خارجہ سے مداخلت کرنے کی خواہش کی تھی۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ خانگی آپریٹرس ڈیڈلائن کے مطابق رسمی کارروائیوں اور ادائیگیوں کی تکمیل میں ناکام رہے۔ حکومت ِ ہند نے یہ مسئلہ سعودی حکومت کے ساتھ اٹھایا۔ خصوصی رعایت اور دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان کو 10 ہزار حج کوٹہ بحال کیا گیا۔
سعودی وزارت ِ حج نے ایک ونڈو دی ہے اور خانگی آپریٹرس کے لئے نسک پورٹل کھولا ہے تاکہ وہ منیٰ میں موجودہ طورپر دستیاب گنجائش کے مطابق اپنا کام مکمل کرسکیں۔ انہوں نے تمام خانگی آپریٹرس سے اپیل کی کہ وہ توسیع شدہ مہلت کے اندر اپنے کنٹراکٹس کو قطعیت دیں اور تمام دستاویزات سعودی نسک پورٹل پر اَپ لوڈ کریں۔
قبل ازیں وزارت ِ اقلیتی امور نے یہ بھی اطلاع دی کہ سالانہ حج کوٹہ جسے سعودی حکام نے قطعیت دی ہے‘ 2014میں 1,36,020 سے بڑھ کر جاریہ سال 1,75,025 ہوچکا ہے۔ اس نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت ِ ہند‘ ملک کے مسلمانوں کے لئے سفر حج کی سہولت فراہم کرنے کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ مستقل کوششوں کے نتیجہ میں ہندوستان کا حج کوٹہ جو 2014 میں 1,36,020 تھا‘ جاریہ سال بڑھ کر 1,75,025 ہوچکا ہے۔ اس کوٹہ کو ہر سال سعودی حکام کی جانب سے قطعیت دی جاتی ہے۔