دہلی

مودی حکومت اب 2047 کے خواب بیچ رہی ہے: راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ مودی حکومت کے 11 سال میں کوئی جواب دہی نہیں دیکھی گئی‘ صرف پروپگنڈہ دکھائی دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے حال کی بات کرنا بند کردیا ہے اور اب وہ 2047 کے خواب بیچ رہا ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ مودی حکومت کے 11 سال میں کوئی جواب دہی نہیں دیکھی گئی‘ صرف پروپگنڈہ دکھائی دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے حال کی بات کرنا بند کردیا ہے اور اب وہ 2047 کے خواب بیچ رہا ہے۔

مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں ایک پرہجوم لوکل ٹرین سے گرکر 4 مسافرین کی ہلاکت اور 6 مسافرین کے زخمی ہوجانے کے بعد راہول گاندھی نے حکومت پر یہ تنقید کی۔ ہندی میں ایکس پر پوسٹ میں قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ مودی حکومت اپنی 11 سالہ ’خدمات‘ کا جشن منارہی ہے جبکہ ملک کی حقیقت ممبئی سے آنے والی المناک خبر سے جھلکتی ہے جہاں چلتی ٹرین سے گرکر کئی افراد ہلاک ہوگئے۔

انڈین ریلویز ملک کے کروڑہا عوام کی زندگیوں کی ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن آج یہ عدم تحفظ‘ تنگی اور افراتفری کی علامت بن گئی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کے 11 سال میں کوئی جواب دہی نہیں‘ کوئی تبدیلی نہیں‘ صرف پروپگنڈہ ہے۔

حکومت نے 2025 کی بات کرنا چھوڑدیا ہے اور اب وہ 2047 کے خواب بیچ رہی ہے۔ ملک کو آج درپیش مسائل پر کون توجہ دے گا؟ راہول گاندھی نے کہا کہ میں آج کے ٹرین حادثہ میں مرنے والوں کے ورثا سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔

ایک پولیس عہدیدار کے بموجب ٹرین حادثہ دیوا اور کوپر ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔ لوکل ٹرین کسارا جارہی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ 2 پرہجوم ٹرینوں کے مسافرین فٹ بورڈ پر لٹک رہے تھے‘ مخالف سمت سے آنے والی ٹرینوں کے یہ مسافر اور ان کے بیاک پیاک (بیاگ) آپس میں ٹکراگئے اور مسافرین نیچے گرپڑے۔