الیکشن کمیشن، راہول گاندھی کے شبہات دور کرے: پرشانت کشور (ویڈیو)
جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن کے تعلق سے کانگریس قائد راہول گاندھی کے شبہات دور کردینا چاہئے۔

پٹنہ (پی ٹی آئی) جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن کے تعلق سے کانگریس قائد راہول گاندھی کے شبہات دور کردینا چاہئے۔
سابق انتخابی حکمت عملی ساز نے کہا کہ وہ خود کو ان معاملوں کا ”ماہر“ نہیں سمجھتے لیکن الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے تحریری شکل میں جو الزامات عائد کئے ان کا جواب دے۔ پرشانت کشور نے میڈیا سے کہا کہ کانگریس ملک کی اصل اپوزیشن جماعت ہے۔
راہول گاندھی لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ ان کے شبہات دور کرے۔ پرشانت کشور بہار اسمبلی الیکشن سے قبل اپنی پارٹی جن سوراج کے لئے عوام کی حمایت حاصل کرنے ریاست کے دورہ پر ہیں۔ وہ اتوار کی شام بیگوسرائے میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔
غور طلب ہے کہ راہول گاندھی نے گزشتہ ہفتہ ایک قومی انگریزی روزنامہ میں آرٹیکل لکھا تھا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ گزشتہ برس کا مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن آزادانہ و منصفانہ نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مہاراشٹرا میں این ڈی اے کو اقتدار ملا۔
کمیشن نے راہول کے الزامات کی تردید کی۔ پرشانت کشور نے کہا کہ راہول گاندھی نے اپنی رائے بائٹ کی شکل میں نہیں دی بلکہ تحریری شکل میں ایک اخباری مضمون کے ذریعہ دی ہے۔ انتخابی عمل کے منصفانہ ہونے کے تعلق سے عوام کے ذہنوں میں شبہات رہنے جمہوریت کے لئے اچھا نہیں لہٰذا الیکشن کمیشن کو آگے آکر تمام غلط فہمیاں دور کرنا چاہئے۔