دہلی میٹرو کے لیڈیز کمپارٹمنٹ میں سانپ کی افواہ سے افراتفری (ویڈیو)
دہلی میٹرو کے زنانہ ڈبہ میں سانپ دکھائی دینے کی افواہ پر افراتفری مچ گئی۔ عورتیں سیٹوں پر چڑھ گئیں اور دوسرے ڈبوں میں جانے کی کوشش کرنے لگیں۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) دہلی میٹرو کے زنانہ ڈبہ میں سانپ دکھائی دینے کی افواہ پر افراتفری مچ گئی۔ عورتیں سیٹوں پر چڑھ گئیں اور دوسرے ڈبوں میں جانے کی کوشش کرنے لگیں۔
بوگی کی بعدازاں جانچ میں ایک چھوٹی چپکلی برآمد ہوئی۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔ میٹرو بلولائن کے ڈبہ کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جمعرات کے دن وائرل ہوا۔ ویڈیو میں ایک مسافر کو ایمرجنسی اسٹاپ بٹن دباتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ٹرین اکشردھام میٹرو اسٹیشن پر رک گئی۔
ایک خاتون مسافر نے چیخ ماری تھی کہ اس نے سانپ کی دم دیکھی ہے۔ کسی اور کو سانپ نہیں دکھائی دیا لیکن خاتون مسافرین گھبراگئیں اور اسٹیل کی سیٹوں پر چڑھ گئیں۔ دہلی میٹرو کمیونیکیشن ہیڈ انوج دیال نے کہا کہ ایک ویڈیو زیرگشت ہے جس میں سانپ دکھائی نہیں دیتا۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے جمعرات کی شام اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی۔ اکشردھام میٹرو اسٹیشن میں ٹرین خالی کرادی گئی اور اسے جانچ کے لئے ڈپو بھیج دیا گیا۔ ڈپو میں ٹرین فوٹیج اور کوچ کی باریکی سے جانچ کی گئی لیکن کوئی سانپ نہیں ملا تاہم ایک چھوٹی چپکلی ضرور دکھائی دی۔