تاج محل پر بندروں کا راج، سیاحوں کی سلامتی خطرے میں!
دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تاریخی عمارتوں میں شامل تاج محل اب بندروں کے غولوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سلامتی کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
آگرہ: دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تاریخی عمارتوں میں شامل تاج محل اب بندروں کے غولوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سلامتی کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں بڑی تعداد میں بندروں کو تاج محل کے احاطے میں گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بندروں نے مشرقی، مغربی اور شاہی دروازوں کے اطراف کے علاقوں میں ڈیرہ جما لیا ہے، جس کے نتیجے میں سیاحوں کو ان کے حملوں کا خطرہ لاحق ہے۔
ماضی میں بھارتی اور غیر ملکی سیاح دونوں ان کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ تاج محل کے احاطے اور اس کے اطراف بندروں کی بڑی آبادی موجود ہے۔ حکام کی جانب سے ان جانوروں کو پکڑنے یا بھگانے کی مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود مسئلہ برقرار ہے۔
اس مقام کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار مختلف محکموں کے درمیان تال میل کی کمی نے بھی مسئلے کے حل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ بندروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی نے نہ صرف سیاحوں کی سلامتی بلکہ تاج محل کی بین الاقوامی شہرت پر بھی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
تاج محل ہندوستانی تہذیبی ورثے کی ایک نمایاں علامت اور سیاحوں کی بڑی کشش ہے۔چند ماہ قبل تاج محل کے احاطے میں واقع ایک فوارے میں بندروں کے نہانے اور گرمی سے راحت حاصل کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی۔
اس ویڈیو میں بندروں کو فوارے میں چھلانگیں لگاتے، پانی اچھالتے اور ایک دوسرے کے پیچھے دوڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ستمبر میں تاج محل کی سیر کے دوران بندروں کے کاٹنے سے دو غیر ملکی سیاحوں کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا تھا۔