’’ اللہ تعالیٰ فلسطینی مضلوموں کی مدد فرمائے، ظالموں کو تباہ وبرباد کرے‘‘، شیخ صالح بن عبداللہ کا خطبہ حج
خطبہ کے دوران انہوں نے فرمایا کہ شیطان مسلمانوں کا کھلا دشمن ہے، اور مومنوں کو اس سے بچتے رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنے دشمن کو معاف کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے دل کو سکون عطا فرماتا ہے اور اسے اپنا محبوب بنالیتا ہے۔

مکہ مکرمہ : مسجد الحرام کے امام، شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے، اللہ سے ڈرنے اور آپس میں اتحاد و اتفاق قائم رکھنے کی تلقین کی۔
خطبہ کے دوران انہوں نے فرمایا کہ شیطان مسلمانوں کا کھلا دشمن ہے، اور مومنوں کو اس سے بچتے رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنے دشمن کو معاف کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے دل کو سکون عطا فرماتا ہے اور اسے اپنا محبوب بنالیتا ہے۔
شیخ صالح نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو مکمل دین کی حیثیت سے نازل کیا اور اسی کو انسانیت کے لیے پسند فرمایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیکی برائی کو مٹا دیتی ہے، اس لیے نیکی کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی حدیث نقل کرتے ہوئے فرمایا: "اللہ کی عبادت ایسے کرو گویا تم اسے دیکھ رہے ہو۔”
انہوں نے دین اسلام کے تین درجات — اسلام، ایمان اور احسان — پر روشنی ڈالی اور کہا کہ والدین سے حسن سلوک، وعدوں کی تکمیل، حیا اور صلہ رحمی، سب دین کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے حج کے موقع پر اللہ کے ذکر، دعاؤں اور نیکیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ اللہ صبر کرنے والوں کو کامل اجر دیتا ہے اور سچے کلمات مومن کی شان ہوتے ہیں، جبکہ جھوٹ سے بچنے کی تلقین کی۔
خطبہ کے اختتام پر امام مسجد الحرام نے مظلوم فلسطینی عوام، خاص طور پر خواتین اور بچوں کے حق میں خصوصی دعا فرمائی۔ انہوں نے کہا:”اللہ تعالیٰ مظلوم فلسطینی بھائیوں کی نصرت فرمائے، ان کی حفاظت فرمائے اور جو لوگ عورتوں اور معصوم بچوں کا ناحق قتل کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں نیست و نابود کرے اور ان کے قدم اکھاڑ دے۔”
خطبہ کے دوران امام صاحب نے پوری امت مسلمہ کے لیے خیر، سلامتی، اتحاد، اور ہدایت کی دعائیں بھی کیں۔ میدان عرفات میں لاکھوں حجاج کرام اس روح پرور منظر میں شریک تھے۔