اب باپ بننے پر مرد ملازمین کو بھی ملے گی 15 دن کی چھٹی
تاملناڈو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مرد سرکاری ملازمین کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ سرکاری احکامات کے مطابق شادی شدہ مرد ملازمین اپنی اہلیہ کی متوقع تاریخِ زچگی سے 15 دن پہلے یا بچے کی پیدائش کے بعد چھ ماہ کے اندر کسی بھی وقت یہ چھٹیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
نئی دہلی: تاملناڈو کے چیف منسٹر سی جوزف وجے نے ریاست کے لاکھوں مرد سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری دی ہے۔ ریاستی حکومت نے پہلی مرتبہ مرد سرکاری ملازمین کے لیے 15 دن کی پدری چھٹی (Paternity Leave) (باپ بننے پر ملنے والی چھٹی) منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت بچہ کی پیدائش پر افراد خاندان مرد ملازمین کو مکمل تنخواہ کے ساتھ 15 دن کی چھٹی دی جائے گی۔
تاملناڈو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مرد سرکاری ملازمین کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ سرکاری احکامات کے مطابق شادی شدہ مرد ملازمین اپنی اہلیہ کی متوقع تاریخِ زچگی سے 15 دن پہلے یا بچے کی پیدائش کے بعد چھ ماہ کے اندر کسی بھی وقت یہ چھٹیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم اس سہولت سے صرف پہلے دو بچوں کی پیدائش پر ہی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔
حکومت کا مقصد بچے کی پیدائش کے وقت شوہر کو اپنی اہلیہ کا ساتھ دینے کا موقع فراہم کرنا اور نومولود بچہ کی دیکھ بھال میں والد کی ذمہ داری کو بھی فروغ دینا ہے۔ اس فیصلہ سے نئے والدین کو کافی راحت ملنے کی امید ہے۔ سرکاری ملازمین اور ان کی تنظیموں نے بھی حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔
تاملناڈو میں خواتین سرکاری ملازمین کو پہلے ہی 365 دن یعنی ایک سال کی زچگی کی چھٹیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب ملک میں زچگی کے فوائد سے متعلق قانون کے تحت اہل خواتین ملازمین کو عام طور پر 26 ہفتوں کی تنخواہ کے ساتھ چھٹی کا حق حاصل ہے۔
اب مرد ملازمین کے لئے بھی 15 دن کی چھٹی منظور کرکے حکومت نے بچوں کی پرورش میں والد کی ذمہ داری کو اہمیت دینے کا پیغام دیا ہے۔
مرکزی حکومت کے ملازمین کے لئے پہلے ہی 15 دن کی پدری چھٹی کا انتظام موجود ہے۔ اس کے علاوہ کیرالا، سکم، ہریانہ، راجستھان اور اتراکھنڈ جیسی ریاستوں میں بھی مرد سرکاری ملازمین کو یہ سہولت دی جا رہی ہے۔
تاملناڈو کے اس تازہ فیصلہ کے بعد ریاست بھی ان ریاستوں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے جہاں مرد ملازمین کو بچہ کی پیدائش کے موقع پر چھٹی دی جاتی ہے۔