ٹاملناڈو ٹرین حادثہ، مرکز پر راہول گاندھی کی تنقید
قائد اپوزیشن لوک سبھا اور سینئر کانگریس قائد راہول گاندھی نے میسور۔ دربھنگہ باگمتی ایکسپریس ٹرین کے پٹری سے اترنے کے حادثہ پر انڈین ریلویز اور مرکزی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔

چینائی (آئی اے این ایس) قائد اپوزیشن لوک سبھا اور سینئر کانگریس قائد راہول گاندھی نے میسور۔ دربھنگہ باگمتی ایکسپریس ٹرین کے پٹری سے اترنے کے حادثہ پر انڈین ریلویز اور مرکزی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ یہ حادثہ‘ بالاسور کی یاددلاتا ہے۔کئی حادثوں میں کئی جانوں کے اتلاف کے باوجود کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔
جواب دہی اوپر سے شروع ہوتی ہے۔ اس حکومت کے جاگنے سے قبل مزید کتنے کنبے برباد ہوں گے؟۔ باگمتی ایکسپریس کل رات ٹاملناڈو میں پٹری سے اترگئی۔ 19 مسافرین زخمی ہوئے جنہیں دواخانہ لے جایا گیا۔
4 مسافرین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ سدرن ریلوے نے حادثہ کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ باگمتی ایکسپریس جمعہ کی رات 8:30 بجے پٹری پر ٹھہری مال گاڑی سے ٹکراگئی۔ اس کے 12 ڈبے پٹری سے اترگئے اور پارسل ویان میں آگ لگ گئی جو بجھادی گئی۔