امریکہ و کینیڈا
نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر باجماعت تراویح، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
اس اقدام کو مختلف طبقات کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور اسے مذہبی رواداری اور باہمی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
نیویارک :رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ٹائمز اسکوائر پر باجماعت تراویح کا اہتمام کیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
یہ پانچواں موقع ہے جب ٹائمز اسکوائر میں ایک روزہ باجماعت تراویح کا اہتمام عمل میں آیا۔ گزشتہ شب نیون لائٹس اور بڑی اسکرینوں پر چلنے والے اشتہارات کے درمیان سینکڑوں مسلمانوں نے باجماعت تراویح میں شرکت کی، جس سے ایک منفرد اور روحانی منظر دیکھنے کو ملا۔
منتظمین کے مطابق، افطار کے موقع پر تقریباً دو ہزار مسلمانوں کے علاوہ دیگر ضرورت مند افراد میں بھی کھانا تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام کو مختلف طبقات کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور اسے مذہبی رواداری اور باہمی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔