ٹیم انڈیا کے 6 ماہ کے مصروف ترین شیڈول کا اعلان
ہندوستانی کرکٹ ٹیم حال ہی میں سری لنکا کے دورہ پرگئی تھی۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور پھر 3 ونڈے میاچس کی سیریز کھیلی گئی۔
ممبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم حال ہی میں سری لنکا کے دورہ پرگئی تھی۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور پھر 3 ونڈے میاچس کی سیریز کھیلی گئی۔
سوریہ کمار یادو کی کپتانی والی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے سیریز میں کلین سویپ کیا تاہم روہت شرما کی کپتانی والی ٹیم ونڈے سیریز میں 0-2 سے ہارگئی جبکہ پہلا ونڈے ٹائی رہا۔ ٹیم وطن واپس ہوچکی ہے تاہم اب ہندوستانی ٹیم کا مصروف شیڈول سامنے آگیاہے۔
اطلاعات کے مطابق جلد ہی بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان آئے گی۔ ہندوستانی ٹیم سال کے آخر میں آسٹریلیا جائے گی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم آئندہ سال کے اوائل میں ہندوستان آئے گی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ ماہ ہندوستان کا دورہ کرے گی۔
اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میاچس کھیلے جائیں گے۔ یہ دورہ 19 ستمبر سے شروع ہوگا اور آخری میچ 12 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 19 سے 23 ستمبر ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم چینائی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹسٹ 27 ستمبر سے 1 اکتوبر تک گرین پارک کانپور میں ہوگا۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی 7 اکتوبر کو دھرم شالہ میں جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنی میاچ 9 اکتوبر کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا آحری میاچ 12 اکتوبر کو حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم اکتوبر میں ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ٹسٹ سیریز 16 اکتوبر سے شروع ہوگی اور 5 نومبر تک جاری رہے گی۔
سیریز کا پہلا ٹسٹ 16 تا 20 اکتوبر بنگلورو‘ دوسرا ٹسٹ 24 تا 28 اکتوبر پونے اور تیسرا ٹسٹ یکم سے 5 نومبر ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔ اس دورہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میاچس کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 8 نومبر اور آخری 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پہلا میاچ 8 نومبر کو ڈربن میں جبکہ دوسرا مقابلہ 10 نومبر کو سینٹ جارج پارک میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کا تیسرا میاچ 13 نومبر کو سنچورین میں ہوگا جبکہ چوتھا ٹی ٹوئنٹی میاچ 15 نومبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نومبر کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز 22 نومبر سے شروع ہوکر 3 جنوری 2025 کو ختم ہوگی۔
سیریز کا پہلا ٹسٹ 22 تا 26 نومبر پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹسٹ 6 تا 10 دسمبر اوول میں‘ تیسرا ٹسٹ 14 تا 18 دسمبر گابا میں جبکہ چوتھا ٹسٹ 26 سے 30 دسمبر تک ملبورن میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا پانچواں اور آخری ٹسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کے بعد انگلش ٹیم ہندوستان کے دورہ پر آئے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم جنوری کے آخر میں ہندوستان آئے گی۔ اس دوران دونوں ٹیمیں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ونڈے میاچس کھیلیں گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 جنوری‘ دوسرا 25 جنوری‘ تیسرا 28 جنوری‘ چوتھا 31 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ 2 فروری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے سیریز ہوگی جس کا پہلا مقالبہ 6 فروری‘ دوسرا میاچ 9 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ونڈے 12 فروری کو کھیلا جائے گا۔