تہلکہ ڈاٹ کام‘فوجی عہدیدار کو 2 کروڑ روپے ادا کرے: دہلی ہائیکورٹ
جج نے کہا کہ ایک دیانتدار فوجی عہدیدار کی ساکھ خراب کرنے کا اس سے زیادہ بے ہودہ کیس کیا ہوسکتا ہے۔ اشاعت کے 23 سال بعد معافی مانگنا نہ صرف ناکافی بلکہ بے معنی ہے۔

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے ایک فوجی عہدیدار کو 2 کروڑ روپے کی ادائیگی کا حکم دیا جس کی ساکھ ایک نیوزپورٹل کے 2001کے ”انکشاف“ کی وجہ سے خراب ہوئی تھی۔ الزام عائد کیا گیا تھا کہ دفاعی خریداری میں یہ عہدیدار کرپشن میں ملوث ہے۔
جسٹس نینا بنسل کرشنا نے میجر جنرل ایم ایس اہلووالیہ کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے جمعہ کے دن ہدایت دی کہ تہلکہ ڈاٹ کام‘ اس کی مالک بفیلو کمیونیکیشنس‘ ترون تیج پال اور 2 رپورٹرس انیرودھ بہل اور میتھو سیمویل کو 2 کروڑ روپے فوجی عہدیدار کو دینا ہوگا۔
جج نے کہا کہ ایک دیانتدار فوجی عہدیدار کی ساکھ خراب کرنے کا اس سے زیادہ بے ہودہ کیس کیا ہوسکتا ہے۔ اشاعت کے 23 سال بعد معافی مانگنا نہ صرف ناکافی بلکہ بے معنی ہے۔
عدالت نے تاہم کہا کہ درخواست گزار زی ٹیلی فلم لمیٹڈ اور اس کے عہدیداروں کے خلاف کیس ثابت نہیں کرسکا جنہوں نے نیوز پورٹل سے لے کر اسٹوری دکھائی تھی۔
13 مارچ 2001 کو نیوز پورٹل نے اپنی اسٹوری میں الزام عائد کیا تھا کہ نئے دفاعی آلات درآمد کرنے کی معاملت میں کرپشن لیا گیا۔ میجر جنرل اہلووالیہ کے وکیل چیتن آنند نے دعویٰ کیا کہ اسٹوری آپریشن ویسٹ اینڈسے ان کے موکل کی بدنامی ہوئی۔