تعلیم و روزگارتلنگانہ

تلنگانہ کے طلبہ کیلئے نیا تعلیمی نظام، اگلے سال سے ہوگا نفاذ

تلنگانہ میں اگلے تعلیمی سال سے 10+2 فارمیٹ نافذ ہوگا۔ نرسری سے چوتھی جماعت تک پرائمری، پانچویں سے آٹھویں تک سیکنڈری اور نویں سے بارہویں جماعت تک سینئر سیکنڈری تعلیم ہوگی۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے اگلے تعلیمی سال سے ریاست میں 10+2 نظام تعلیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت اسکولی تعلیم کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے گا جس میں نرسری سے چوتھی جماعت تک پرائمری، پانچویں سے آٹھویں جماعت تک سکنڈری اور نویں سے بارہویں جماعت تک سینئر سیکنڈری تعلیم شامل ہوگی۔

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ نئے نظام کو نافذ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی طالب علم کو نقصان نہ پہنچے۔

ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ اس تعلیمی اصلاحات کا مقصد دسویں جماعت کے بعد تعلیم چھوڑنے والے طلبہ کی تعداد میں کمی لانا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کو زبان اور معلوماتی ٹکنالوجی سے متعلق ضروری مہارتیں فراہم کرنا بھی اس کا اہم مقصد ہے تاکہ وہ بارہویں جماعت کے بعد اپنی دلچسپی کے مطابق خصوصی مضامین کا انتخاب کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تقریباً 40 فیصد طلبہ دسویں جماعت کے بعد تعلیم ترک کردیتے ہیں۔ ان میں لڑکیوں کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

چیف منسٹر نے کہا کہ کیندریہ ودیالیہ، نوودیا ودیالیہ اور کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ جیسے اداروں میں 10+2 نظام رائج ہے اور وہاں تعلیم ادھوری چھوڑنے والے طلبہ کی شرح نسبتاً کم ہے۔ ملک کی 18 ریاستوں میں پہلے ہی یہ نظام نافذ ہے۔

ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فلاحی ہاسٹلس اور اقامتی اسکول کرایہ کی عمارتوں میں نہ چلائے جائیں۔ انہوں نے ان اداروں کے لیے مستقل عمارتوں کی تعمیر کے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت دی، جہاں مناسب بیت الخلا اور پانی کی سہولتیں بھی دستیاب ہوں۔ انہوں نے عمارتوں کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا بھی تیقن دیا۔

اجلاس میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ ریزیڈنشیل اسکولس کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کے ساتھ عمارتوں کے اندرونی انتظامات، ڈیجیٹل سہولتوں، کھیل کود کے سامان، باغبانی اور کچن کی سہولتوں کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے پولی ٹیکنک کالجوں کو ترقی دینے اور یونیورسٹیوں میں اسسٹنٹ، اسوسی ایٹ اور دیگر پروفیسرس کی بھرتیوں کا عمل بھی مقررہ قواعد کے مطابق جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔

چیف منسٹر نے واضح کیا کہ نئے تعلیمی نظام کے نفاذ سے جونیر کالجوں کے لکچررس اور غیر تدریسی عملے کی ملازمت، خدمات اور سبکدوشی سے متعلق فوائد متاثر نہیں ہوں گے۔