تلنگانہ: گلے میں تولیہ کے اتفاقی طورپر لپٹ گیا۔ بینائی سے محروم طالب علم کی موت
گلے میں تولیہ کے اتفاقی طورپر لپٹ جانے کے نتیجہ میں تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں بینائی سے محروم طالب علم کی موت ہو گئی۔

حیدرآباد: گلے میں تولیہ کے اتفاقی طورپر لپٹ جانے کے نتیجہ میں تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں بینائی سے محروم طالب علم کی موت ہو گئی۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ منگل کو اسکول میں دوسرے طلباء کے ساتھ کھیل رہا تھا۔اسکول کے حکام کے مطابق، پداپلی ضلع کے موپری توٹا علاقہ کا رہنے والا12سالہ سریواستو کریم نگر کے سرکاری اقامتی اسکول میں ساتویں جماعت کا طالب علم تھا۔
سریواستو سمیت چار طلبا دوپہر کے وقت ہاسٹل کے کمرے میں کھیل رہے تھے۔ کھیلتے ہوئے ہاسٹل کے کمرے میں رسی پر خشک ہونے کے لیے لٹکا ہوا تولیہ اتفاقی طورپر اس کی گردن میں لپٹ گیا اور دم گھٹنے سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
یہ واقعہ ہاسٹل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گیا۔ والدین نے اپنے لڑکے کی موت پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے بچے کی موت اسکول انتظامیہ کی لاپرواہی سے ہوئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی طلبہ یونین کے کارکن موقع پر پہنچ گئے اور بچے کے والدین کے ساتھ اسکول میں احتجاجی مظاہرہ کیا تاہم انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر اپنا احتجاج واپس لے لیا۔