تلنگانہ

تلنگانہ۔اے پی: اہم شخصیات نے ووٹ کے حق کا استعمال کیا

تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے ضلع محبوب نگر کے کوڑنگل میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے ضلع محبوب نگر کے کوڑنگل میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

متعلقہ خبریں
پون کلیان کے بیان کی مکمل حمایت: بنڈی سنجے
صدر جمہوریہ کا آج دورہ، نلسار کے کانوکیشن میں شرکت متوقع
تلنگانہ انتخابات: ووٹ دینے کے لیے آنے والے دو افراد کی موت
شطرنج کھلاڑیوں ڈی ہریکا اور ارجن کو چیف منسٹر کی تہنیت
ایم بی اے میں 2598 نشستیں خالی

تلنگانہ کے نائب وزیراعلی ملوبھٹی وکرامارکا نے کھمم ضلع کے مدھیراٹاون کے ایک پرائمری اسکول میں بنائے گئے پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنے ارکان خاندان کے ساتھ ووٹ کے حق کا استعمال کیا۔

سابق وزیراعلی تلنگانہ وبی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراو نے ضلع سدی پیٹ کے چنتامادکا گاوں میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ووٹ کے حق کا استعمال کیا۔

یہ گاوں، حلقہ لوک سبھا میدک کے تحت آتا ہے۔آندھراپردیش کے وزیراعلی و وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی اہلیہ وائی ایس بھارتی کے ساتھ کڑپہ ضلع کے پُلی ویندلہ میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام نے گذشتہ پانچ برس کے دوران حکمرانی دیکھی ہے۔

اگر عوام یہ سمجھتے ہیں کہ اس حکمرانی سے فائدہ ہوا ہے تواُس حکمرانی کے لئے ووٹ دیں تاکہ مستقبل تابناک ہو۔اے پی کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم سربراہ چندرابابونائیڈو، ان کے فرزند لوکیش اور بہو برہمنی نے اے پی میں ووٹ کے حق کا استعمال کیا۔چندرابابونے کُپم میں ووٹ ڈالا، ان کے فرزند لوکیش نے منگل گری میں ووٹ ڈالا۔

یہ دونوں اسمبلی انتخابات میں امیدوار ہیں۔آندھراپردیش کانگریس کی سربراہ و حلقہ لوک سبھا کڑپہ کی امیدوار وائی ایس شرمیلا نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ان کامقابلہ تلگودیشم پارٹی کے بی سبی رامی ریڈی اور وائی ایس آرکانگریس کے اویناش ریڈی سے ہے۔

انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ کڑپہ میں عوام کے مفاد میں انصاف برقراررہنا چاہئے۔انہوں نے اپنی کامیابی کا یقین ظاہر کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کانگریس نے دو فیصد سے آغاز کیا تھا۔ہم کافی آگے ہیں۔

انہوں نے اس اعتمادکا اظہارکیا کہ کانگریس دوہرے عدد میں نشستیں حاصل کرے گی۔ جوبلی ہلز میں تلگوفلموں کے ہیروزجونیر این ٹی آراورالوارجن نے ووٹ کے حق کا استعمال کیا۔قطار میں ٹہر کر انہوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

مرکزی وزیر سیاحت وتلنگانہ بی جے پی کے سربراہ جی کشن ریڈی نے کاچی گوڑہ ڈیویثرن کے دیکشا ماڈل اسکول میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔بی جے پی لیڈر و ملکاجگری کے امیدوار ای راجندر نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مل کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

سابق مرکزی وزیر و تلگوفلموں کے مشہور اداکار چرنجیوی نے اپنی بیوی سریکھا اوردختر کے ساتھ حیدرآباد کے جوبلی ہلز کے ایک پولنگ مرکز پر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔انہوں نے قطار میں ٹہر کر اپنی باری کا انتظار کیا اور پھر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا و اوبی سی مورچہ کے صدر کے لکشمن نے چکڑپلی کے شانتی نکیتن گراونڈ میں بنائے گئے مرکز رائے دہی پہنچ کر اپنے ارکان خاندان کے ساتھ حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کو مستحکم کرنے کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔

تلنگانہ آرٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انہوں نے کونڈا پور کے چیرک پبلک اسکول کے پولنگ بوتھ 375 پر اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ اپنا ووٹ ڈالا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سجنار نے کہا کہ ہندوستان کے آئین نے ذات پات، مذہب اور برادری سے قطع نظر تمام کو یکساں طور پر ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے آزادانہ ماحول میں مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے قابل لیڈروں کو منتخب کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایس آر ٹی سی نے ووٹنگ کے لیے اپنے آبائی علاقوں جانے والوں کے لیے خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو دنوں میں ریکارڈ 1.50 کروڑ افراد نے بسوں میں سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ واپسی کے سفر کے دوران بھی تکلیف سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

a3w
a3w