تلنگانہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کردی
تلنگانہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کردی ہے جس نے انتخابی شیڈول کی اجرائی سے پہلے عوام تک بڑے پیمانہ پر رسائی کا فیصلہ کیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کردی ہے جس نے انتخابی شیڈول کی اجرائی سے پہلے عوام تک بڑے پیمانہ پر رسائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے حصہ کے طورپر تلنگانہ میں وزیراعظم مودی، وزیرداخلہ امیت شاہ اور صدربی جے پی نڈا کے جلسوں کا اہتمام کیاجائے گااور اس تلگوریاست میں یاترائیں بھی کی جائیں گی۔
ہائی کمان نے جنوبی ہند کی اس ریاست پر توجہ مرکوز کردی ہے۔لوک سبھاانتخابات کے پیش نظرمختلف پروگراموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔فروری کے اواخر تک مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔
فی الحال تلنگانہ میں وکست بھارت سنکلپ یاتراجاری ہے۔اس یاترا کے حصہ کے طورپر مرکزی حکومت کی اسکیمات سے عوام کوواقف کروایاجارہا ہے۔پارٹی نے ریاست بھر میں دیواروں پر تحریروں کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مہم کا مقصد عوام کو زعفرانی جماعت سے قریب ترکرنا ہے۔اس مہم کے تحت مکانات کی دیواروں پر لکھاجائے گا”پھر ایک بار مودی سرکار“۔ہر لوک سبھا حلقہ میں ایک ہزارمکانات کی دیواروں پر مرکزی حکومت کی اسکیمات کے بارے میں لکھاجائے گا۔پارٹی کو ساتھ ہی تنظیمی طورپر مستحکم کرنے کے لئے گرام چلوابھیان بھی چلایاجائے گا۔
اس ماہ کی 25تاریخ کو نیشنل ووٹرس ڈے کے سلسلہ میں ہر اسمبلی حلقہ میں دو یوواسمیلن منعقد کئے جائیں گے جن سے وزیراعظم مودی ورچول طریقہ کار کے ذریعہ خطاب کریں گے۔اس ماہ کے اواخر تک بی جے پی کے اہم لیڈروں مودی، امیت شاہ، نڈاکے دورہ تلنگانہ کا امکان ہے۔آئندہ ماہ کی دس تاریخ تک تلنگانہ بھر میں یاترائیں بھی نکالی جائیں گی۔5مقامات سے یہ یاترائیں نکالی جائیں گی۔