تلنگانہ

تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری

تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کا دوسرا مرحلہ 25 جنوری سے 28 فروری تک جاری رہے گا، 10 جنوری سے شہریوں کو خود شماری کی سہولت ملے گی، جبکہ یکم سے 5 مارچ تک نظرثانی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لیے ریاستی حکومت نے تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ اس مرحلے کے تحت 25 جنوری سے 28 فروری 2027 تک ریاست بھر میں گھر گھر جاکر مردم شماری کا عمل مکمل کیا جائے گا، جبکہ یکم مارچ سے 5 مارچ تک نظرثانی کا مرحلہ جاری رہے گا۔

جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پیر 9 نومبر کو جاری کردہ حکمنامے (جی او) کے مطابق شہریوں کو مردم شماری کے عمل میں خود اپنی تفصیلات درج کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے 10 جنوری سے 24 جنوری 2027 تک خود شماری (Self Enumeration) کا موقع دیا گیا ہے۔

خود شماری کی مدت ختم ہونے کے بعد 25 جنوری سے سرکاری عملہ گھر گھر پہنچ کر آبادی سے متعلق تفصیلات جمع کرے گا۔ اس دوران شہریوں کی ذاتی معلومات، آبادیاتی تفصیلات اور سماجی و معاشی حالات سے متعلق اعداد و شمار حاصل کیے جائیں گے۔ اس میں ذات اور مذہب سے متعلق معلومات بھی شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے 30 اکتوبر کو مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس عمل میں ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو شامل کیا گیا ہے، تاہم منی پور، گوا، اترپردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، لداخ اور ہماچل پردیش و جموں و کشمیر کے بعض علاقوں کو اس شیڈول سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

اس طرح تلنگانہ میں جنوری 2027 سے مردم شماری کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا، جس کے تحت گھر گھر پہنچ کر مختلف زمروں میں آبادی کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔