آندھراپردیش

تروپتی مندر کے تقدس کی حفاظت کرنے چیف منسٹر نائیڈو کی ہدایت

آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ہفتہ کے روز تروملا تروپتی دیواستھانم (ٹی ٹی ڈی) کے عہدیداروں کو مندر کے تقدس کے حفاظت کی ہدایت دی۔

تروپتی (آئی اے این ایس) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ہفتہ کے روز تروملا تروپتی دیواستھانم (ٹی ٹی ڈی) کے عہدیداروں کو مندر کے تقدس کے حفاظت کی ہدایت دی۔

تروملا میں پدماوتی گیسٹ ہاوز میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ لڈو پرسادم کا معیار بہتر ہو اور اس معیار کو برقرار رکھیں۔

چیف منسٹر کی یہ ہدایت، پیشرو حکومت میں لڈو پرسادم میں ملاوٹ کے تنازعہ کے بعد سامنے آئی ہے مگر سابق چیف منسٹر جگن نے لڈو میں ملاوٹ کی تردید کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو اس بات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ وہ تروپتی کے مشہور ہلز میں گوینداناما سمارانم گیت کے سوا کوئی اور گیت سنائی نہیں دینا چاہئے تاکہ یہاں کے پرسکون ماحول میں خلل نہ ہونے پائے۔

انہوں نے کہا کہ ان پہلووں پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے۔ وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہم شخصیات کے دوروں کے دوران کوئی گڑبڑ، شور شرابہ نہیں ہونا چاہئے۔ مندر کے روحانی مرکز کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مندر کے عہدیدار، بھکتوں کے ساتھ احترام کا رویہ اپنائیں۔

ملک کے مختلف مقامات اور بیرونی ممالک سے بھی بھکتوں کی بڑی تعداد یہاں آتی ہے اس لئے مندر کے حکام کو ان بھکتوں کا احترام کرنا چاہئے۔ مستقبل میں پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کرنے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جنگلات کے احاطہ کے رقبہ کو72 فیصد سے80 فیصد کرناچاہئے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جنگلات کے تحفظ اور ان کی توسیع کیلئے کام کریں۔

انہوں نے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ ٹی ٹی ڈی کی خدمات سے متعلق بھکتوں کا ردعمل جاننے کیلئے کئے جانے والی مساعی کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بھکت کو اپنی رائے، تجویز دینے کا مواقع فراہم کیا جانا چاہئے۔

اس اجلاس میں ٹی ٹی ڈی کے اگزیکٹیو آفیسر شیاملا راؤ اور دیگر عہدیدارشریک تھے۔ تروملا کے دورہ کے دوسرے دن چیف منسٹر نے واکولہ ماتا سنٹر کچن کا افتتاح کیا جہاں 1.1 لاکھ بھکتوں کیلئے پکوان کا نظم کیا جائے گا۔ دورہ کے پہلے دن جمعہ کے روز چیف منسٹر نائیڈو نے برہمااتسو فیسٹول کے آغاز پر ”پٹو واسترالو“ پیش کیا۔

لڈو پرسادم کی تیاری میں ملاوٹ شدہ گھی کے استعمال کے تنازعہ کے درمیان اس سال برہمااتسو منعقد کیا جارہا ہے۔

18 ستمبر کو چیف منسٹر نائیڈو نے یہ دعویٰ کیا تھا سابق وائی ایس آر سی پی کی حکومت میں تروپتی لڈو کی تیاری میں ملاوٹ شدہ گھی، جس میں جانوروں کی چربی شامل تھی، استعمال کیا گیا لیکن وائی ایس آر سی پی نے نائیڈو کے ان الزامات کو مسترد کردیا اور الزام عائد کیا کہ نائیڈو نے اس مندر کے تقدس کو پامال کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے 4/ اکتوبر کو لڈو کی تیاری میں جانوروں کی چربی کے استعمال کے الزامات کی تحقیقات کیلئے5رکنی آزاد ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔