وزیراعلی تلنگانہ نے داوس میں اہم ملاقاتوں کا آغاز کردیا
سوئٹزرلینڈ کے شہر داوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی وفد نے اپنی اہم ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے۔
حیدرآباد: سوئٹزرلینڈ کے شہر داوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی وفد نے اپنی اہم ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے۔
چار روزہ اس دورہ کا بنیادی مقصد تلنگانہ کو عالمی سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے۔
اس دوران وزیر اعلیٰ دنیا کی صف اول کی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرس سے براہ راست ملاقاتیں کررہے ہیں جن میں ٹکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبہ سے گوگل اور سیلز فورس، لائف سائنسس اور صحت کے شعبہ سے نووارٹس اور صارفین کی مصنوعات کے شعبہ سے یونی لیور شامل ہیں۔
ان ملاقاتوں میں ریاستی وفد کی توجہ خاص طور پر آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، لائف سائنسس اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر مرکوز رہے گی جبکہ حکومت کا نشانہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں بڑے صنعتی یونٹس اور تحقیقی مراکز کے قیام کے لئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کرنا ہے۔