تلنگانہ

تلنگانہ میں برقی سربراہی نظام پر اطمینان کا اظہار

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ کا محکمہ توانائی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، ریکارڈ 20,018 میگاواٹ طلب کے باوجود بلا تعطل بجلی سربراہی، دو نئے برقی سب اسٹیشن بھی شروع۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو)ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ نے کہا کہ ایل نینو کے ممکنہ اثرات اور معمول سے کم بارش کے باوجود تلنگانہ میں بجلی کی سربراہی اطمینان بخش ہے اور ریاستی برقی کمپنیاں بلا تعطل برقی فراہم کر رہی ہیں۔

پرجا بھون میں محکمہ توانائی اور ایس پی ڈی سی ایل کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں انہوں نے بتایا کہ ریاست میں بجلی کی طلب ریکارڈ 20,018 میگاواٹ تک پہنچنے کے باوجود کامیابی سے سربراہی جاری رکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آبی برقی کی پیداوار میں تقریباً 4,000 میگاواٹ کمی کے باوجود کسانوں اور دیگر صارفین کو بلا دشواری بجلی فراہم کرنا قابلِ ستائش ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ربیع سیزن میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی انتظامات کیے جائیں اور مسلسل نگرانی کے ذریعہ بلا تعطل سربراہی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں عہدیداروں نے بتایا کہ داود خان گوڑہ اور بادنگ پیٹ میں دو نئے 33/11 کے وی برقی سب اسٹیشن بھی شروع کر دیے گئے ہیں، جس سے بجلی کی سربراہی مزید مستحکم ہوگی۔