تلنگانہ

تلنگانہ کے ایک کروڑ خاندانوں کو 5 لاکھ روپے کا بیمہ، ریونت ریڈی کا اعلان

اندرا اماں فیملی انشورنس اسکیم کا 19 نومبر کو سدی پیٹ سے آغاز، درخواستوں کے اندراج کا عمل کل سے شروع، موجودہ بیمہ اسکیمیں بھی ضم ہوں گی۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو)چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ میں ایک کروڑ خاندانوں کو ’اندرا اما ں فیملی انشورنس‘ اسکیم کے تحت بیمہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاستی حکومت کے مختلف محکموں کی جانب سے فی الحال نافذ کردہ تمام بیمہ اسکیموں کو ایک ہی پلاٹ فام کے تحت لاتے ہوئے انہیں اندرا اما ں فیملی انشورنس اسکیم میں ضم کیا جائے۔ چیف منسٹر 19 نومبر کو سدی پیٹ میں منعقد شدنی عوامی جلسہ میں اس اسکیم کے تحت درخواستوں کے اندراج کے عمل کا آغاز کریں گے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اپنی جوبلی ہلز میں اپنی قیام گاہ پر اندرا اما ں فیملی انشورنس اسکیم اور اندرا اماں ساڑیوں کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ ایک کروڑ خاندانوں کو اس اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے کی بیمہ سہولت فراہم کرنے کے لئے ضروری انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی بیمہ اسکیم سے لاکھوں غریب افراد کو فائدہ پہنچے گا، جن میں روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدور بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ حکومت کی موجودہ بیمہ اسکیموں کے تحت زندگی کے بیمہ کی سہولت دو لاکھ روپے تک اور حادثاتی بیمہ کی سہولت دس لاکھ روپے تک فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے زندگی کے بیمہ کی رقم دو لاکھ روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اسے اندرا اماں فیملی انشورنس اسکیم کے تحت فراہم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے فی الحال بیمہ کی سہولت حاصل کرنے والے کسی بھی فرد کو نئی اسکیم کے دائرے سے باہر نہیں رکھا جانا چاہئے۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو اسکیم کے تعلق سے بڑے پیمانے پر شعور بیداری مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ درخواست فارم گاؤں کی سطح پر دستیاب رکھے جائیں اور ضلع کلکٹرس اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو اسکیم کے فوائد اور درخواست دینے کے طریقہ کار سے مکمل واقفیت ہو۔نئی بیمہ اسکیم کے آغاز کے ساتھ ہی چیف منسٹر 19 نومبر کو سدی پیٹ میں منعقد ہونے والے عوامی جلسہ میں اندرا اما ساڑیوں کی تقسیم کا بھی آغاز کریں گے۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کی ہر اہل خاتون تک ساڑی پہنچائی جائے اور تمام اضلاع کو فوری طور پر ساڑیاں روانہ کی جائیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ تقسیم کے عمل میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برتنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔