بین الاقوامیجرائم و حادثاتحیدرآباد
ٹرینڈنگ

حیدرآباد کےسے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں کا افسوسناک واقعہ، بڑے بھائی سے اتفاقی طور پر گن چلنے سے چھوٹا بھائی ہلاک

حیدرآباد کے آصف نگر سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں کا افسوسناک واقعہ، 27 سالہ بشیر احمد پر غیر ارادی قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ، عدالت میں خود کو بے قصور قرار دیا۔

حیدرآباد (منصف نیوزبیورو) امریکہ کے شہر نیویارک کے یونکرز علاقہ سے تعلق رکھنے والے 27سالہ محمد بشیر احمد کے ہاتھ سے اتفاقی طور پر گن چل جانے سے چھوٹے بھائی محمد ابراہیم احمد ہلاک ہوگئے۔ مقامی پولیس نے اتفاقی حاد ثاتی طور پر گولی مارکرہلاک کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بڑے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

یہ واقعہ نیویارک کے علاقہ ہیکسولے میں ایک کار کے اندر پیش آیا۔ جہاں ملزم نے مبینہ طور پر اپنے چھوٹے بھائی پر حادثاتی طور پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ان کے چھوٹے بھائی کی موت واقع ہوگئی۔ فائرنگ کا واقعہ ہفتہ 14نومبر کو نصف شب کے فوری بعد 12.01 بجے نیویارک کے ناساؤ کاونٹی 459 ساؤتھ براڈوے کے قریب ایک کار میں پیش آیا۔

متوفی 24 سالہ محمد ابراہیم کی کمر میں گولی لگی بعدازاں انہیں مقامی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں معائنہ کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ ملزم 27 سالہ محمد بشیر احمد ساکن یونکرز نیویارک پر دوسرے درجے کے غیرارادی قتل اور غیرقانونی طور پر اسلحہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ملزم محمد بشیر احمد نے ہیمپ اسٹیڈ کی فرسٹ ڈسٹرکٹ کورٹ میں ابتدائی پیشی کے دوران اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔

محمد بشیر احمد کے ماموں محمد باقر نے بتایا کہ محمد بشیر احمد جو آصف نگر حیدرآباد کے ساکن ہیں، 4 سال قبل تعلیم حاصل کرنے امریکہ گئے تھے وہ ایک کار میں اپنے دوستوں اور چھوٹے بھائی محمد ابراہیم احمد کے ہمراہ جارہے تھے۔ کار میں رکھی ہوئی دوست کی گن کو دیکھ رہے تھے تاہم اس دوران اتفاقی طور پر بندوق چل پڑی اور گولی کار کی آگے کی سیٹ پر بیٹھے چھوٹے بھائی کو لگی۔

بتایا جاتا ہے کہ گولی پیٹھ میں لگی اور پیٹ سے باہر نکل پڑی۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کیلئے ان کا بھانجہ قصوار نہیں ہے۔ انہوں نے امریکہ کی حکومت سے مطالبہ کیا وہ ان کے بھانجہ محمد بشیر احمد کو رہا کردے۔

انہوں نے کہا کہ محمد بشیر کے والدین اس واقعہ کی اطلاع سن کر پریشان ہوگئے ہیں۔ مرکزی حکومت کو انہیں نیویارک جانے کی اجازت دینا چاہئے تاکہ وہ ان کے چھوٹے فرزند محمد ابراہیم احمد کی تدفین میں شرکت کرسکیں اور ان کے فرزند محمد بشیر احمد کو ہندوستان واپس لاسکیں۔