حیدرآباد

تلنگانہ کی 2جون کو یوم تاسیس تقاریب، بہتر انتظامات کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت

چیف منسٹر سب سے پہلے گن پارک کا دورہ کریں گے اور تلنگانہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی اصل تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پریڈ گراؤنڈ پر کئے جانے والے انتظامات کے متعلق راما کرشنا راو نے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔

حیدرآباد :  تلنگانہ کے چیف سکریٹری راما کرشنا راو نے 2 جون کو ریاست کی یومِ تاسیس تقاریب کو شاندار پیمانہ پر منانے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں درکار انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاست کی یومِ تاسیس تقاریب سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں شاندار طریقہ سے منائی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
گچی باؤلی میں حائیڈرا کا بڑا ایکشن، غیرقانونی تعمیرات کا صفایا، ہائی کورٹ کے احکامات پر فوری کارروائی
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا
فیوچر سٹی کے نام پر ریئل اسٹیٹ دھوکہ، HILT پالیسی کی منسوخی تک جدوجہد جاری رہے گی: بی آر ایس

چیف منسٹر سب سے پہلے گن پارک کا دورہ کریں گے اور تلنگانہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی اصل تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پریڈ گراؤنڈ پر کئے جانے والے انتظامات کے متعلق راما کرشنا راو نے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ سے ایک نوڈل آفیسر نامزد کرکے باہمی ربط و ہم آہنگی سے کام کیا جائے۔

اہم شخصیات کی آمد و رفت کے راستوں پر مناسب حفاظتی انتظامات کئے جائیں، پریڈ گراؤنڈ آنے والی گاڑیوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس کے لئے پارکنگ کا مناسب بندوبست کیا جائے اور ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لئے روٹ میاپ تیار کیا جائے، پولیس کو اس سلسلہ میں مناسب ہدایات دی گئیں۔ بارش کے امکانات کے پیشِ نظر واٹر پروف شامیانے، بیریکیڈنگ اور سائن بورڈس کی تنصیب کی ہدایت آر اینڈ بی محکمہ کو دی گئی۔

تقریب کے مقام اور اس کے اطراف صفائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دی گئیں۔ تہوار کا ماحول پیدا کرنے کے لئے فنکاروں کے ذریعہ ثقافتی پروگرام منعقد کئے جائیں، اس سلسلہ میں کلچرل ڈپارٹمنٹ کو احکام دیئے گئے۔بجلی کی سپلائی میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو، اس کے لئے بلا رکاوٹ برقی فراہم کرنے اور جنریٹر بیک اپ کا بھی بندوبست کرنے کی ہدایت محکمہ برقی کو دی گئی۔

ریاست کی یومِ تاسیس تقاریب کو بڑے پیمانہ پر عوام تک پہنچانے کے لئے لائیو ٹیلی کاسٹ کا بندوبست کرنے کی بھی انہوں نے ہدایت دی اور کہا کہ اس سلسلہ میں اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے کمشنر کو احکامات دیئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ ڈی جی پی جتیندر، محکمہ عمارات و شوارع کے اسپیشل پرنسپل سکریٹری وکاس راج، داخلہ محکمہ کے اسپیشل پرنسپل سکریٹری روی گپتا، ریونیو محکمہ کے پرنسپل سکریٹری نوین متل، جی ایچ ایم سی کمشنر کرنن، اطلاعات و تعلقات عامہ کے کمشنر ہریش، واٹر بورڈ کے ایم ڈی اشوک ریڈی، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔