یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کو شاندار پیمانہ پر منعقد کیاجائے گا : چیف سکریٹری
چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہاکہ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا پروقار اور شاندار انداز میں انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔
حیدرآباد: چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہاکہ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا پروقار اور شاندار انداز میں انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔
آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر 2 جون کی صبح گن پارک میں واقع یادگار شہیداں پہنچ کر تلنگانہ کے حصول میں شہید افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد سکندرآباد پریڈ گراؤنڈس میں منعقدشدنی پروگرام میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں ڈی جی پی روی گپتا، دانا کشور، سائلجا راما ایر، سرینواس راجو، جی اے ڈی سکریٹری رگھو نندن راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاست کے چیف منسٹر پریڈ گراؤنڈ میں صبح کے پروگرام میں ریاست کے قومی گیت کی نقاب کشائی کریں گے اور ریاست کے عوام کے نام پیغام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شام 7 بجے سے رات 9 بجے تک ٹینک بند پر ریاست کے تمام فن پاروں کے ساتھ ایک بڑے پیمانے پر کارنیوال کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 5000 پولیس اہلکار جو زیر تربیت ہیں بینڈ کے ساتھ اس تقریب میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ٹینک بنڈ پر تقریباً 80 اسٹالز لگائے جا رہے ہیں جن میں شہر کے مشہور ہوٹلوں کی جانب سے کھانے کے اسٹالز کے ساتھ ساتھ ہینڈی کرافٹس، ہینڈ لومز اور سیلف ہیلپ گروپس کی تیار کردہ بہت سی اشیاء کے اسٹالز بھی لگائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے شہریوں کے ساتھ آنے والے بچوں کے لیے مختلف کھیلوں کے ساتھ تفریحی ہال کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
شانتی کماری نے کہا چونکہ ٹینک بنڈ پر عوام کی بڑی تعداد موجود رہنے کا امکان ہے اس لئے عہدیداروں کو مناسب انداز میں نقائص سے پاک انتظامات کرناچاہیے تاکہ عوام کو ی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینک بنڈ پر ثقافتی پرفارمنس کے بعد ایک پرکشش آتش بازی اور لیزر شو کا بھی اہتمام کیا جایگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا جائے گا۔ اس جائزہ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈی جی سنجے کمار جین، آر ٹی سی کے ایم ڈی سجنار، سٹی پولیس کے ایڈیشنل کمشنر، محکمہ اطلاعات کے اسپیشل کمشنر ہنمنت راؤ، این پی ڈی سی ایل کے ایم ڈی مشرف فاروقی، ایچ ایم ڈی اے کے ایڈیشنل کمشنر امرپالی کٹا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔