تلنگانہ

تلنگانہ حکومت نے مرکز سے 20 ہزار کروڑ روپے کی خشک سالی امداد طلب کی، 9 ہزار کروڑ رعیتو بندھو کے لیے مختص

تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے یاسنگی (ربیع) سیزن کے تحت ریتو بندھو اسکیم کے لیے مرکز سے خشک سالی امداد کے طور پر 20 ہزار کروڑ روپے طلب کیے ہیں۔ اس تجویز میں 9 ہزار کروڑ روپے صرف ریتو بندھو اسکیم کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے یاسنگی (ربیع) سیزن کے تحت ریتو بندھو اسکیم کے لیے مرکز سے خشک سالی امداد کے طور پر 20 ہزار کروڑ روپے طلب کیے ہیں۔ اس تجویز میں 9 ہزار کروڑ روپے صرف ریتو بندھو اسکیم کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

مرکز کو روانہ کردہ تجویز کے مطابق محکمہ زراعت کے لیے 10 ہزار کروڑ روپے، محکمہ مویشی پالن کے لیے 186 کروڑ روپے، پینے کے پانی کی ضروریات کے لیے 2,250 کروڑ روپے اور دیہی ترقی کے لیے 7,800 کروڑ روپے طلب کیے گئے ہیں۔ جبکہ فصلوں کے نقصان کے معاوضے کے لیے صرف ایک ہزار کروڑ روپے کی درخواست کی گئی ہے۔

اس تجویز پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ فصلوں کو نقصان پہنچنے سے متاثر ہونے والے کسانوں کے لیے فوری معاوضے کی رقم اتنی کم کیوں رکھی گئی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مجموعی امدادی مطالبے کا تقریباً 44 فیصد حصہ ریتو بندھو اسکیم کے لیے مختص کیا گیا ہے، جو کانگریس حکومت کے انتخابی وعدوں میں شامل تھی۔

دوسری جانب ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (SDRF) میں 2,250 کروڑ روپے دستیاب ہونے کے باوجود متاثرہ کسانوں کو فوری امداد نہ ملنے پر بھی تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔

کسانوں نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیا ریتو بندھو اسکیم پر عمل آوری صرف اسی صورت میں ہوگی جب مرکز سے فنڈس جاری ہوں گے؟ فصلوں کے نقصان سے متاثرہ کسان فوری معاوضے کے منتظر ہیں۔

اس معاملے نے ریاست میں خشک سالی سے نمٹنے کی حکمت عملی اور کسانوں کو مالی امداد کی فراہمی پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔