تلنگانہ

سمکیات میں تلنگانہ، پورے ملک کے لئے مثالی: ہریش راؤ

وزیر فینانس نے کہا کہ کے سی آر تشکیل تلنگانہ کے مقصد کو ایک کے بعد دیگر مکمل کرتے جارہے ہیں۔ دنیا کا سب سے بڑا کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ تعمیر کرتے ہوئے ریاست کو سرسبز وشاداب بنایا جارہا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ مچھلی پالن (سمکیات) میں تلنگانہ، سارے ملک کیلئے مثالی ہے۔ آج سدی پیٹ میں پی وی نرسمہا راؤ وٹنری کالج کا ریاستی وزیر افزائش مویشیان وسکمیات ٹی سرینواس یادو کے ساتھ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں افزائش مویشیان پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں
اظہرالدین، وہ مایہ ناز کھلاڑی جو کسی تعارف کا محتاج نہیں
عمران خان سے بات چیت ممکن: اسحق ڈار
کانگریس اقتدار کے 100 دنوں میں 180 کسانوں کی خود کشی
آٹو ڈرائیورس کو ماہانہ 15ہزار روپے الاونس دینے کا مطالبہ
تلنگانہ کو دواخانوں میں صدفیصد زچگیوں کا اعزاز: ہریش راؤ

انہوں نے مرکزی حکومت پر تلنگانہ کے ساتھ دہرا معیار اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت دہلی میں تلنگانہ کی اسکیموں کی خوب تعریف کرتی ہے۔ اور جیسے ہی مرکزی وزراء اور بی جے پی قائدین تلنگانہ میں قدم رکھتے ہیں وہ حکومت تلنگانہ کو بدنام کرنے کی مہم شروع کردیتے ہیں۔

 تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کرتے ہوئے فنڈس کی اجرائی روک دی جاتی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہم نے کالج کو سابق وزیر اعظم کے نام سے موسوم کرتے ہوئے ان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ ہماری کوششوں کی وجہ سے ہی کالوجی لکشمن راؤ اور آچاریہ کونڈا لکشمن باپوجی کے نام پر یونیورسٹیز قائم کی گئی۔

 وزیر فینانس نے کہا کہ کے سی آر تشکیل تلنگانہ کے مقصد کو ایک کے بعد دیگر مکمل کرتے جارہے ہیں۔ دنیا کا سب سے بڑا کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ تعمیر کرتے ہوئے ریاست کو سرسبز وشاداب بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذات پر مبنی پیشوں کو جن کو سابق میں بری طرح نظر انداز کردیا گیاتھا، بڑے پیمانے پر فروغ دے رہی ہے۔

صرف ضلع سدی پیٹ میں 12,460 ماہگیروں کو نئے سرے سے رکنیت فراہم کی گئی ہے۔ ریاست بھر میں دوسرے مرحلہ کے تحت3.70 دھنگروں میں بھیڑ بکریاں تقسیم کی جائے گی۔ ریاستی وزیر افزائش مویشیان وسمکیات ٹی  سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دور اندیش قیادت میں ریاست کے دیہی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

 اسی وجہ سے ہرشعبہ میں ریاست زبردست ترقی درج کرراہی ہے۔ ہرشعبہ کو مسلسل 24گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ ریاست میں زرعی شعبہ کو غیر معمولی فروغ حاصل ہوا ہے۔ مگر اپوزیشن جماعتوں کوریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی نظر نہیں آرہی ہے۔

 اپوزیشن جماعتیں تعصب پسندی پر اتر آئی ہیں اور وہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے جھوٹے وعدوں میں انہیں الجھانے کیلئے کوشاں ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کبھی ریاست کا ماہی گیر طبقہ بیشمار پریشانیوں میں گھرا ہوا تھا۔

کے سی آر کی اختراعی سوچ کے باعث آج ماہی گیر طبقہ خوشحالی کی سمت گامزن ہے، ریاست بھر میں فشنگ سوسائٹی سے 3.72 لاکھ افراد جڑے ہوئے ہیں، حکومت اس تعداد میں مزید ایک لاکھ کا اضافہ کرنے کا  منصوبہ رکھتی ہے۔ یادو نے کہا کہ اس ماہ کے اواخر تک دوسرے مرحلہ کے تحت بھیڑ بکریوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔