بی سی حقوق کے تحفظ کے لیے تلنگانہ جاگروتی سرگرم، 29 جنوری کو گول میز کانفرنس
یومِ جمہوریہ کے موقع پر کلواکنٹلہ کویتا نے قومی پرچم لہرایا اور تمام اہلِ وطن کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے کانگریس اور بی جے پی پر پسماندہ طبقات (بی سیز) کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سیز کے حقوق کے تحفظ کے لیے تلنگانہ جاگروتی بھرپور جدوجہد کرے گی۔ وہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
یومِ جمہوریہ کے موقع پر کلواکنٹلہ کویتا نے قومی پرچم لہرایا اور تمام اہلِ وطن کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہمیں سبھاش چندر بوس کی فکر اور نظریات سے تحریک لینی چاہیے۔
کویتا نے کہا کہ بی سی کاسٹ سینسس کے معاملے میں بی جے پی نے ایک نئے فریب کی شروعات کی ہے، جبکہ کانگریس حکومت نے بھی اس معاملے میں غلط اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں ابتدا میں مرکزی حکومت کی جانب سے کرائے گئے کاسٹ سینسس پر بھروسہ تھا، لیکن بعد میں جاری کردہ دستاویز میں بی سیز کے لیے کوئی علیحدہ کالم شامل نہ ہونا پسماندہ طبقات کی توہین کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی بی سی ذیلی ذاتوں کی باقاعدہ گنتی کا مطالبہ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں بی سی دانشوروں سے مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 29 جنوری کو پسماندہ طبقات، بی سی ذیلی ذاتوں اور خانہ بدوش قبائل کے ساتھ ایک گول میز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
کویتا نے بتایا کہ اس اجلاس کے بعد ہر ذات اور ذیلی ذات کی آبادی کے تناسب پر مشتمل ایک تفصیلی دستاویز تیار کی جائے گی، جسے تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے مرکزی حکومت کو پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس طرح 2011 میں کانگریس نے پسماندہ طبقات کو دھوکہ دیا تھا، اسی طرح 2026 میں بی جے پی بھی بی سیز کو دھوکہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور تلنگانہ جاگروتی کو سماج کے لیے ایک مضبوط عوامی تحریک بن کر ابھرنا ہوگا۔